مایاوتی نے نائب صدر عہدہ کیلئے بھی NDA اُمیدوار کی حمایت کا کیا اعلان
مایاوتی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ بی ایس پی نے نائب صدر کے لیے ہو رہے انتخاب میں وسیع مفاد عامہ اور اپنی تحریک کو توجہ میں رکھ کر جگدیپ دھنکھڑ کو اپنی حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
این ڈی اے کی طرف سے نامزد نائب صدر امیدوار جگدیپ دھنکھڑ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مایاوتی نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے– معلوم ہے کہ ملک کے اعلیٰ صدارتی عہدہ کے لیے انتخاب میں برسراقتدار اور حزب مخالف کے درمیان عام اتفاق نہ بننے کی وجہ سے ہی اس کے لیے بالآخر انتخاب ہوا۔ اب ٹھیک وہی حالات بننے کی وجہ سے نائب صدر عہدہ کے لیے بھی مورخہ 6 اگست کو انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ بی ایس پی نے ایسے میں نائب صدر کے لیے ہو رہے انتخاب میں بھی وسیع مفاد عامہ اور اپنی تحریک کو بھی توجہ میں رکھ کر جگدیپ دھنکھڑ کو اپنی حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور جس کا آج میں باضابطہ طور پر اعلان بھی کر رہی ہوں۔
بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے نائب صدر کے لیے ہونے والے انتخاب کے پیش نظر ایک اہم اعلان کیا ہے۔ انھوں نے نائب صدر کے لیے نامزد کیے گئے این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر جانکاری دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل گزشتہ مہینے ہوئے صدارتی انتخاب میں بھی مایاوتی نے این ڈی اے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ صدارتی عہدہ کے لیے این ڈی اے نے دروپدی مرمو کو امیدوار بنایا تھا جنھیں صدارتی انتخاب میں آسان جیت حاصل ہوئی تھی۔ مرمو نے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو شکست دی تھی۔