ریاستوں سےمہاراشٹرا

اساتذہ نئے تعلیمی سال کو بطور چیلنج قبول کریں: آئیٹا مہاراشٹرا

ممبئی: 12/جون (پی آر) محمد اقبال پاشاہ میڈیا سیکریٹری آئیٹا مہاراشٹر کی اطلاع کے مطابق نئے تعلیمی سال کے آغاز پر آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن ( آئیٹا) مہارشٹر کے ریاستی صدر سید شریف نے پریس کو جاری کئے اپنے بیان میں اساتذہ کو نئے تعلیمی سال کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی کہ اساتذہ نئے تعلیمی سال کو بطور چیلنج خندہ پیشانی سے قبول کریں اور طلبہ کی سیرت و کردار اور تعلیمی ترقی کے لئے خود کو وقف کر دیں۔

ریاستی صدر نے اساتذہ کے نام جاری پیغام میں کہا کہ، ١۳ جون ۲۰۲۲ سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہورہا ہے۔  آئیٹا مہاراشٹر اس موقع پر نئے تعلیمی سال کا پورے عزم و حوصلہ کے ساتھ استقبال کرتی ہے۔ اور اساتذہ سے گزارش کرتی ہے کہ، وہ طلبہ کے تعلیمی معیار کو سدھارنے کے لئے ایک عملی منصوبہ بنا کر اپنے اسکولی سطح پر اسے عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جبکہ ملک عزیز وبائی دور سے باہر نکلنے کی کوشش کررہا ہے جس میں ہمارے طلبہ کا ایک بہت بڑا ناقابل تلافی تعلیمی نقصان ہوا ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ ملک و ملت کی کیفیت بھی ابتریت کی جانب دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایسے پر آشوب حالات میں اساتذہ ہی امید کی ایک کرن نظر آرہے ہیں جو ان حالات کو تبدیل کرنے میں ایک انقلابی رول ادا کرسکتے ہیں۔

لہٰذا آئیٹا مہاراشٹرا اساتذہ سے پرخلوص درخواست کرتی ہے کہ وہ ایسے ناگفتہ بہ حالات میں اپنی منصبی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور پورے عزم، حوصلہ، استقلال اور پوری تیاری کے ساتھ حالات کو بدلنے کی کوشش کے لیے کمر بستہ ہوجائیں۔ اساتذہ نئے تعلیمی سال میں اپنے اہداف کا تعین کریں۔ تعلیمی میدان میں پیچھے رہ جانے والے طلبہ پر خصوصی توجہ اور محنت کے ذریعے انہیں دیگر ذہین طلبہ کے شانہ بہ شانہ کردیں۔
کووڈ ۱۹ کے وبائی دور سے ہونے والے تعلیمی نقصان کی بھرپائی کے لیے منصوبہ سازی کریں اور انتہائی دیانت داری کے ساتھ اس منصوبہ پر عمل پیرا ہوکر طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں۔
اسی طرح طلبہ کی سیرت و کردار کو اسوہ رسول ﷺ کے طریقے پر سنوارنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ آپ نے کہا کہ اساتذہ خود بھی اپنے اخلاق و عادات کو سنواریں اور اپنے طلبہ کی بھی انہیں خطوط پر کردار سازی کریں۔ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ اساتذہ اس کام کو بہ حسن خوبی انجام دے سکتے ہیں۔

اساتذہ اپنے آپ کو اپڈیٹ کرتے رہیں، مطالعہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کی بھی فکر کریں۔ اساتذہ اپنے آپ کو دیگر ہم عصر اساتذہ کے سامنے بطور اعلیٰ نمونہ پیش کریں۔ آپ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اساتذہ تعلیمی میدان میں ایک صالح تبدیلی کے ذریعے ایک صالح معاشرے کے قیام کے لیے اپنا رول ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!