مساجد کو مسلک کا نہیں بلکہ سارے مسلمانوں کا مرکز بنایا جائے: مساجد کونسل کرناٹک
ہمناآباد: 30/جنوری (ایم این) مسجد شیخ مہتاب ہمناآباد میں مساجد کونسل کرناٹک اور جماعت اسلامی ہند ہمناآباد کے زیر انتظام مساجد کمیٹی کے ذمہ داران اور آئمہ کرام و موذنین کیلئے خصوصی تربیتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ہمناآباد مستقر کے علاوہ دیگر دیہاتوں سے تقریباََ 40 مساجد کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں مساجد کونسل کرناٹک کے ریاستی صدر ذاکر حسین گلبرگہ نے مثالی مسجد کا خاکہ عنوان پر گفتگو کی۔
دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ مساجد کو پاک و صاف رکھا جائے، مساجد کسی مسلک کے نہیں بلکہ سارے مسلمانوں کے روحانی مرکز ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ مساجد سے مسلکوں کی تختیاں نکال کر سبھی مسلمانوں کیلئے مساجد کھلی رکھیں۔ مسجد کی جگہ پر تعمیری کام یا الیکٹرانک کنکشن میں غیر قانون کاموں سے پرہیز کریں۔ مسجد کے کاغذات اور دستاویزات محفوظ رکھیں۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے مولانا عبد الغفار حامد عمری نے مثالی مسجد میں امام و موذن اور منتظمین کی ذمہ داریاں کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی خدمت اور انتظامات کیلئے آپ کا چُنا جانا قابل مبارک ہے۔ مسجد کمیٹی میں ذمہ داری عہدہ نہیں بلکہ خداکے سامنے جوابدہی کا احساس ہے۔ مساجد میں محلہ کے نوجوان اور ملے کے اہم مسائل حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوشش کی جائے۔ مسجد نبوی میں رسول اللہ ﷺ امامت و خطابت کے ساتھ ساتھ تعلیم گاہ و تربیت گاہ اور دعوت اسلامی کا مرکز تھی۔ پردہ نشین خواتین کو گھریلو مسائل کو لے کر پولیس اسٹیشن جانے کی بجائے مساجد سے رجوع ہو کر عائلی مسائل حل کرنے کی ترغیب دی جائے۔
ریاست میں مساجد کی صورتحال کے عنوان پر مولانا محمد یوسف کنی معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیامت تک کے لئے مسجد نبوی اور اس کا انتظام تمام مساجد کے لئے نمونہ ہے۔ خطبہ جمعہ کے ذریعہ تعلیم و تربیت اور حالات حاضرہ پر رہنمائی اور اخلاقیات کو موضوع بنایاجائے۔ آپ ﷺ نے مدینہ ہجرت کے بعد دوسرا بڑاکام مدینہ مارکٹ کو قائم کیا۔اور اعلان کیا کہ یہاں دھوکہ دہی نہیں ہوگی۔ مدینہ کے بازار میں رسول اللہ ﷺ نے ٹیکس سے پاک نظام قائم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مساجد کونسل کے ذریعہ یہ بھی کوشش ہیکہ مساجد کے ذریعہ مستحق، محتاجوں، بھوکوں، بیواوں اور یتیموں کی امداد اور ضرورت پوری کرنے کاکام ہو۔
قبل ازیں مولانا حافظ صلاح الدین حقانی کی قرات کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ حافظ سید کلیم اللہ نے افتتاحی و استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ محمد افتخار احمد رکن جماعت اسلامی ہند ہمناآباد نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ خالد افسر نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ اس اہم پروگرام میں مساجد کے ذمہ داران کے علاوہ معین الدین سابق بلدیہ افسر، مولانا حافظ محبوب اشاعتی امام و خطیب جامع مسجد، مولانا محمد شکیل صاحب فلاحی، مفتی تنویر و دیگر نے شرکت کی۔ محمد اکرام علی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بیدر نے مساجد کے مقام موضوع پر خطاب فرمایا۔ شیخ ذاکر حسین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ہمناآباد کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں یوتھ ونگ اور SIO کے ذمہ داران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔