ایس ڈی پی آئی نے کیرانہ، تھانہ بھون اورمودی نگر اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کیا
غازی آباد: 13/جنوری (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) مغربی اتر پردیش ایگزیکٹو کی ایک میٹنگ پارٹی کے ضلع کیمپ آفس مسوری ضلع غازی آباد میں مغربی اتر پردیش کے صدر محمد کامل کی صدرات میں منعقد ہوئی۔ جس میں ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر ڈاکٹر نظام الدین خان، ریاستی جنرل سکریٹری معید ہاشمی اور مغربی اترپردیش ایگزکٹو کے تمام عہدیداران، ممبران اور مغربی اتر پردیش کے اضلاع کے ضلعی صدور نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر ڈاکٹر نظام الدین خان نے شاملی ضلع کے کیرانہ اسمبلی حلقہ سے ڈاکٹر سرور علی، تھانہ بھون اسمبلی حلقہ سے مولانا صدام اور غازی آباد ضلع کے مودی نگر اسمبلی حلقہ سے عمران واحد کو پارٹی امیدوار بنائے جانے کا اعلان کیا۔
اس موقع پرایس ڈی پی آئی اتر پردیش کے ریاستی صد ر ڈاکٹر نظام الدین خان نے کہا کہ آج ملک ایک نازک دور سے گذر رہا ہے، ملک اور ریاست کی موجودہ حکومت کے آمرانہ رویے کی وجہ سے ملک کا جمہوری نظام خطرے میں ہے،حکومت کو عوام کے حقوق اور سیکولر ازم اور جمہوری اقدار کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ حق و انصاف کی آواز کو دبانے کی کوششیں جاری ہیں، مذہب کے نام پر سماج میں نفرت پھیلائی جارہی ہے۔
ملک کی سیکولر امیج کو تباہ کرنے اور ملک کو مذہب پر مبنی ملک بنانے کی باتیں ہورہی ہیں۔ مسلمانوں، اقلیتوں، دلتوں، پسماندوں، آدی واسیوں، غریب اور کمزور طبقات کے حقوق اب محفوظ نہیں ہیں۔ بی جے پی کی اتر پردیش حکومت نے بڑے پیمانے پر دلتوں، پسماندوں اور آدی واسیوں اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں کو بڑے پیمانے پر ڈرانے، ہراساں کرنے اور ان کے حقوق کو پامال کرنے کا کام کیا ہے۔
یوگی حکومت کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آج اتر پردیش معاشی ناکامیوں کا شکار ہے اور ریاست کے عوام میں حکومت کے خلاف شدید غصہ ہے۔ یوگی حکومت میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں تھی، ایسے میں ایس ڈی پی آئی حکومت کی ناانصافیوں، مظالم، جابرانہ اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف واحد متبادل بن کر ابھر رہی ہے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھر پور آواز اٹھارہی ہے۔
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا اس ملک میں پھیلی ناانصافی، ظلم، جبر، استحصال، عدم مساوات اور خوف اور بھوک کے ماحول کو ختم کرکے مساوات، آزادی، انصاف، بھائی چارے پر مبنی ہندوستانی سماج کی تعمیر کی ایک تحریک کے طور پر ملک کے غریب، مزدور، دلت، قبائلی اور پسماندہ طبقات ہماری طرف اُمید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔
مغربی اتر پردیش کے صدر محمد کامل نے کارکنوں سے اس انتخابی جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس کی نظامت ایس ڈی پی آئی مغربی اترپردیش کے جنرل سکریٹری شعیب حسن نے کی، ریاستی سکریٹری نور حسن نے سبھی کا شکریہ ادا کیا، مغربی اتر پردیش کے نائب صدر مہندر سنگھ، سکریٹری عمران تومر،خزانچی مولانا قمر، راغب رانا، اسرار احمد، مسروف کمال اڈوکیٹ، رضوان تیاگی، عطا محمد، اڈوکیٹ فرمان علی، فیروز رحمن، ذولفقار، رفاقت علی، شکیل سلیمان، جنید چوہان، ماسٹر حامد، ضلع پنچایت ممبر پرویز احمد،محمد عظیم وغیر ہ موجود تھے۔