جموں کے ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ، 12 عقیدت مندوں کی موت، 13 زخمی
کٹرا اسپتال کے بی ایم او ڈاکٹر گوپال دت نے 12 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، حادثہ کی اطلاع پر موقع پر پہنچی پولیس نے کہا ہے کہ صورت حال فی الحال قابو میں ہے
جموں: جموں و کشمیر میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر میں اچانک بھگدڑ مچ جانے کے سبب وہاں موجود 12 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی، جبکہ 13 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ رات کے آخری پہر میں تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔
جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ کے مطابق ابتدائی اطلاع کے مطابق کسی معمولی بات پر بحث ہونے پر عقیدت مندوں نے ایک دوسرے کو دھکا دیا، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور موقع پر افرا تفری پھیل گئی۔
کٹرا اسپتال کے بی ایم او ڈاکٹر گوپال دت نے 12 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں کو نارائنا اسپتال لے جایا گیا ہے۔ وہیں واقعہ کی اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال فی الحال قابو میں ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ نئے سال کے موقع پر عقیدت مند ماتا کے درشن کے لئے یہاں پہنچے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ہلاک ہونے والے عقیدت مندوں میں دہلی، ہریانہ، پنجاب اور جموں و کشمیر کا ایک ایک عقیدت مند شامل ہے۔ دیگر کی شناخت کی جا رہی ہیے۔
حادثہ پر وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں مچی بھگدڑ سے ہونے والی اموات سے وہ غمزدہ ہیں۔ انہوں نے متاثرہ کنبوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد شفایابی ہونے کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نھے جموں و کشمیر کے گورنر منوج سنہا، ادھم پور کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور مرکزی وزیر نتیانند رائے سے بات کر کے صورت حال سے آگاہی حاصل کی ہے۔
وزیر اعظم مودی کی جانب سے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نیز پرائم منسٹر رلیف فنڈ سے مہلوکین کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50-50 روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ادھر، کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی ماتا ویشنو دیوی مندر میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثہ کنبوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کی تمنا کی۔
خیال رہے کہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں نئے سال کے موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مندر درشن کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ یہاں ان کی سہولیات کا پورا خیال رکھا جاتا ہے لیکن ہفتہ کے روز یہاں کچھ زیادہ ہی لوگ جمع ہو گئے تھے۔