ٹاپ اسٹوری

ایک اور دھرم سنسد میں مہاتما گاندھی کے خلاف کہے گئے نازیبا الفاظ، مقدمہ درج

ہری دوار دھرم سنسد میں نفرت انگیز تقاریر کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ ایک اور مبینہ دھرم سنسد کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں باپو کو نازیبا الفاظ کہے گئے اور گوڈسے کی تعریف کی گئی۔

ہری دوار دھرم سنسد میں نفرت انگیز تقاریر کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ اب چھتیس گڑھ کے رائے پور میں منعقد مبینہ دھرم سنسد میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی توہین کی گئی ہے۔ یہاں کی دھرم سنسد میں اسٹیج سے سادھو کا چولا پہنے ایک شخص نے باپو کی شان میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو گالی دی۔ اسی شخص نے باپو کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی خوب تعریف کی۔

اس شخص کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں سادھو کا چولہ پہنے کالی چرن نامی شخص یہ کہتے ہوئے نظر آ رہا ہے کہ لوگوں کو مذہب کی حفاظت کے لیے ایک سخت گیر ہندو رہنما کو حکومت کا سربراہ منتخب کرنا چاہیے۔ اس نے کہا کہ ”میں ناتھو رام گوڈسے کو سلام پیش کرتا ہوں۔”

اس شخص نے مزید کہا کہ ”اسلام کا مقصد سیاست کے ذریعے ملک پر قبضہ کرنا ہے۔ ہماری آنکھوں کے سامنے انہوں نے 1947 میں ملک پر قبضہ کر لیا تھا۔ وہ پہلے ایران، عراق اور افغانستان پر قابض ہوگئے۔ انہوں نے سیاست کے ذریعے بنگلہ دیش اور پاکستان پر قبضہ کرلیا تھا۔ میں گاندھی کو قتل کرنے کے لیے ناتھورام گوڈسے کو سلام کرتا ہوں۔‘‘

کالی چرن نے کہا کہ “ہمارا بنیادی فرض کیا ہے- دھرم کی حفاظت کرنا۔ ہمیں حکومت میں ایک سخت گیر ہندو راجہ (لیڈر) کا انتخاب کرنا چاہیے، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔” اس نے مزید کہا، “ہمارے گھروں کی عورتیں بہت اچھی اور مہذب ہیں، وہ ووٹ ڈالنے نہیں جاتیں۔ جب آپ کے گھر کی خواتین کا گینگ ریپ ہو گا تو ان کا کیا بنے گا۔ بیوقوفوں (مہامورکھوں)… میں ان لوگوں کو کہہ رہا ہوں جو ووٹ ڈالنے نہیں نکلتے ہیں۔”

وہیں چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ہوئی دھرم سنسد کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ کون ہے جو ہمارے بابائے قوم کو گالیاں دے رہا ہے؟ مودی جی کچھ کریں گے یا دل سے معاف نہیں کر پائیں گے۔ اس معاملے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!