سید وقارالدین کے انتقال پر گلبرگہ میں کل جماعتی تعزیتی اجلاس
سید وقار الدین کے انتقال سے ملت اسلامیہ، اردو صحافت و زبان کا ناقابل تلافی نقصان
بیدر: 13/ڈسمبر (اے ایس ایم) جناب سید وقار الدین ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن حیدر آباد و چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے انتقال پُر ملال پر گلبرگہ میں کل رات کل جماعتی تعزیتی اجلاس چلبل گارڈن نور باغ روضہ بزرگ میں منعقد ہوا، سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست ایڈیٹر روزنامہ کے بی این ٹائمز گلبرگہ نے صدارت کی کل ہند مجلس تعمیر ملت، آل انڈیا ملی کونسل، مرکزی سیرت کمیٹی، کرناٹک مسلم پولیٹکل فورم، انڈیا بیت المال، ویلفیئر پارٹی، صدائے انسانیت فاؤنڈیشن، الکریم بیت المال،صدائے اتحاد اسوسی ایشن اور جمعیت باغبان کی جانب سے تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
کارروائی کا آغاز مولانا عبد الحمید باقوی قاسمی معارفی دانش کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ مولانا محمد جیلانی باقوی خطیب و امام مسجد صدر محلہ نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ شاہ نواز شاہین کرناٹک مسلم پولیٹکل فورم نے سید وقار الدین صاحب کی صحافتی خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ملت کا بڑا درد رکھتے تھے۔ افضال محمود کرناٹک مسلم پولیٹکل فورم نے کہا سید وقارالدین صاحب نے انڈو عرب لیگ کے قیام کے ذریعہ فلسطینی کاز اورعرب ممالک کے لئے ایک زبردست تحریک چلائی، انہوں نے کہا کہ سید وقارالدین صاحب نے بیرونی ممالک کے مسلمانوں سے ہندوستانی مسلمانوں کا رابطہ بنائے رکھا۔
افضال محمود نے انڈو عرب لیگ کی تحریک کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ انجینئر محمد محمود صاحب چیر مین تعلیمی کمیٹی جمعیت باغبان نے کہا کہ وہ نوجوانی کی عمر سے رہنمائے دکن کے قاری رہے ہیں۔انہوں نے کہا سید وقار الدین صاحب مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی ناانصافیوں اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف نہایت بے باکی سے رہنمائے دکن میں خبریں، مضامین اور اداریے لکھا کرتے۔مقبول احمد سگری سیکریٹری مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے سید وقارالدین صاحب کو بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی معروف شخصیت بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلمانوں کی موثر ترجمانی اور فلسطینی کاز کیلئے اپنے آ پ کو وقف کیا تھا۔
انجینئر مشتاق احمد جنرل سیکریٹری جمعیت باغبان نے کہا کہ سید وقار الدین صاحب نے اردو صحافت اور ملی خدمات کے ذریعہ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے بتا یا کہ سید وقار الدین صاحب نے سعودی حکومت سے خصوصی نمائندگی کے ذریعہ سعودی عرب میں ہندوستانی مسلمانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی رول اداکیا جس کے نتیجہ میں آ ج سعودی ممالک سے ہندوستان کو 4.2لاکھ ڈالرس کازرمبادلہ حاصل ہورہا ہے۔
اقبال علی نائب صدر انڈیا بیت المال نے سید وقار الدین صاحب کو غیر معمولی ملی تڑپ رکھنے والے صحافی اور ہمدرد ملت شخصیت قرارد یتے ہوئے کہا کہ انہیں انڈو عرب لیگ کے جلسوں میں شرکت کرنے اتفاق ہواان جلسوں کے ذریعہ وقار صاحب نے فلسطین کے حق میں عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کی کامیاب کوشش کی۔امتیاز صدیقی صدر اتحاد ملت اسوسی ایشن نے کہا کہ سید وقار الدین کے انتقال سے عامتہ المسلمین کو بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا مر حوم کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقارالدین صاحب ملت کا درد رکھنے والے عظیم صحافی تھے،ہمیں ایسے صحافیوں جو ملت کی بے باک ترجمانی اور بے روز خدمات کر رہے ہیں کی قدر کرنی چاہئے۔
مولانا محمد جیلانی باقوی نے کہا کہ سید وقار الدین صاحب دین اوردنیا دونوں کا وقار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہایت بے باک شخصیت کے مالک تھے اور ہمیشہ مسلمانوں کا حوصلہ بڑھایا کرتے تھے۔ مولانا جاوید عالم قاسمی نائب صدر جمعیت علماء نے مرحوم سید وقار الدین صاحب کی صحافتی اور ملی خدمات کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقار صاحب مسلم دشمن پروپگنڈہ کا مدلل جواب دیا کرتے تھے۔ انہوں کہا کہ آ ج جبکہ اسلام، مسلمانوں،قرآن اور پیغمبر اسلام کے خلاف منفی، گمراہ کن پروپگنڈہ پوری شدت کے ساتھ کیا جارہا ہے،مسلم صحافیوں اور سوشیل میڈیا کے نوجوان نمائندوں کو اس پروپگنڈہ کے خلاف منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔
سلیم احمد چیتا پوری صدر ویلفیئر پارٹی نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد رہنمائے دکن سب سے زیادہ گلبرگہ ہی میں پڑھا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے شائع ہونے والے اخبارات کے مقابلے میں رہنمائے دکن کو سب سے زیادہ معتبر و قابل اعتماد سمجھا جاتا ہے۔ مولانا عبد الحمید باقوی قاسمی معارفی جنرل سیکریٹری صدائے انسانیت فاؤنڈیشن نے کہا کہ رہنمائے دکن کو سید وقار الدین صاحب نے صداقت کا آئینہ بنایاتھا۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین اور عالم اسلام کے لئے سید وقار الدین صاحب کی گرانقدر خدمات کے لئے فلسطین، لبیا، مراقش اور سعودی عرب نے انہیں کئی با وقار ایوارڈس سے نوازا۔
ڈاکٹرمحمد اصغر چلبل قومی سیکریڑی سیاسی امور کمیٹی آل انڈیا ملی کونسل نے کہاکہ سید وقار الدین صاحب نے رہنمائے دکن کو اسلامی ممالک کی بھر پور ترجمانی کی انہوں نے کہا کہ رہنمائے دکن کا نام رہنمائے ملت ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندی، عرب ممالک کے خلاف یہودونصاریٰ کی سازشوں، عراق و افغانستان پر امریکی جارحیت اور صدام حسین کو پھانسی دینے جیسے حساس عالمی مسلم مسائل پر سید وقار الدین صاحب نے نہایت بے باکانہ موقف اختیار کیا۔
ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے مزید کہا کہ نوعمری سے ہی وہ رہنمائے دکن کا مطالعہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پڑوس میں محمد شفیع الدین صاحب ہرسوری کے پاس رہنمائے دکن آتا تھا اور وہ زائد از تین گھنٹوں تک رہنمائے دکن کاغیر معمولی دلچسپی سے مطالعہ کرتے تھے جس کے بعدہی وہ انہیں پڑھنے کے لئے رہنمائے دکن دیتے تھے۔ اس سے انداز ہ ہوتا ہے کہ رہنمائے دکن قارئین کے لئے کس قدر دلچسپی اور انہما ک کا ذریعہ ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے بتا یا کہ سید وقار الدین صاحب نے قائد محترم الحاج قمر الاسلام صاحب کو انڈو عرب لیگ کا رکن نامزد کیا تھا۔
عزیز اللہ سرمست نے فلسطین اور عالم اسلام کے لئے سید وقارالدین صاحب کی طویل جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہیں فلسطین کا چمپئین قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ سید وقار الدین صاحب کے انتقال سے اردو صحافت کے ایک عہد کاخاتمہ ہوا ہے۔ انہوں نے سید وقار الدین صاحب کو درد مند دل رکھنے والی ملی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے شمار محتاجوں، ناداروں کی بھر پور کفالت اور مدد کیا کرتے تھے۔ رہنمائے دکن کو ملت کے ترجمان کے حیثیت سے مستحکم بنانے کے لئے سید وقار الدین صاحب اور ان کے برادر اکبر سید لطیف الدین صاحب مرحوم کی عرق ریزی و مساعی کو عزیز اللہ سرمست نے بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔
عزیز اللہ سرمست نے بتایا کہ مرحوم سے ان کے دیرینہ روابط تھے انہوں نے مرحوم سے ہوئیں یادگار ملاقتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ قمر الاسلام صاحب کی دعوت پر سید وقار الدین صاحب نے گلبرگہ میں کئی جلسوں کو مخاطب کیا۔ آخر میں مولانا عبدالحمید باقوی قاسمی معارفی نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔