ہمناآباد میں خواتین کا دینی اجتماع، مفتیہ عالیہ نکہت نظامی کا خطاب
قوم و ملت کی ترقی کا راز تعلیم پر منحصر ہے
ہمناآباد: 6/دسمبر(ایس آر) ہمناآباد کے دینی مدرسہ تاج العلوم للبنات میں خواتین کے لئے ایک روزہ دینی اجتماع حضرت سید شاہ حُسین حُسینی قادری چشتی بخاری المعروف سید پاشاہ حُسینی سجادہ نشین آستانہ بخاریہ کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا۔ اس اجتماع سے مفتیہ عالیہ نکہت روضتی نظامی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ومعلمہ جامعہ روضۃ البنات بیدر نے خطاب کیا اور کہاکہ قوم و ملت کی ترقی کا راز تعلیم پر منحصر ہے قوموں کا عروج وزوال ذوق تعلیم وتر ک تعلیم پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کے علم نور ہے اور جہالت تاریکی ہے،علم آب حیات ہے اور جہالت ہردم کی سکرات ہے علم سے ادنیٰ بھی اعلی درجہ کے عہدے پر فائز ہو سکتا ہے دینی تعلیم ہو یا دنیاوی تعلیم علم کے بغیر موت ہے،خواتین کی تعلیم پر آپ نے پُر مغز خطاب کیا۔
بعد ازاں مفتیہ حنا معاویہ روضتی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ نے اولاد کی دینی تعلیم و تربیت پروالدین سے یہ کہا کے بچے کی سب سے پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے والدین کے اخلاق وکردار کا اثر اولاد میں ہو تا ہے،والدین اپنی اولاد کے اندر دینی تعلیم سے تعلق اور اخلاق وکردار کا حامل بنائیں انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے والدین سے کہا کے وہ اپنے بچوں کو تین چیزوں کی تعلیم سکھائیں سب سے پہلے حضور اکرمﷺ کی محبت پھر حضور ﷺ کے آل کی محبت سکھائیں اور قرآن کی تعلیم دلوائیں،صحابیات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے اولاد کی تربیت پر زور دیا۔عالمہ فرحہ مبین نے بھی اپنے خیالات کا ظہار کرتے ہوئے پردے کی اہمیت اور عورت کی عفت وعصمت کے تعلق سے قرآن و احادیث سے مختلف واقعات و تذکرۂ صالحات کرتے ہوئے اسلام میں خواتین کے تحفظات و فرائض،حقوق وآداب پر مفصل روشنی ڈالی۔
اجتماع سے مدرسہ تاج العلوم للبنات کی طالبات سید ہ نازیہ سلطانہ نے قوموں پر اللہ کا عذاب قرآن کی روشنی میں خطاب کیا اور اسریٰ بیگم نے ماں کی محبت کے عنوان پر خطاب کیا، اجتماع کا آغاز محمد ی زارہ کی قرآت کلام پاک سے ہوا حمد باری تعالیٰ زم زم کوثر نے پیش کیا نعت نبوی کا نذرانہ عقیدت سیدہ سمرین بانو اور فاریہ بانو نے پیش کیا جلسہ کی نظامت کے فرائض معلمہ مہہ جبین نے بحسن خوبی انجام دئیے۔ اجتماع کا اختتام مفتیہ عالیہ نکہت روضتی نظامی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ومعلمہ جامعہ روضۃ البنات بیدر کی دعا و سلام پر عمل میں لایا گیا۔ اس اجتما ع کے لئے مولانا محمد بشیر الدین جنیدی نظامی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ناظم مدرسہ تاج العلوم للبنات نے انتظام و انصرام کیا۔