فرقہ وارانہ منافرت پھیلاکر امن و امان خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے BJP: مہاراشٹر کانگریس
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ منافرت پھیلاکر سیاسی روٹی سیکنا چاہتی ہے اور سوال کیا کہ کیا بی جے پی گجرات کی طرح مہاراشٹر میں بھی دنگے فساد کے کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے پیر کو کہا کہ امراوتی میں حالات پر امن ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جان بوجھ کر امن و امان خراب کرنے اور حالات بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے۔
پٹولے نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ منافرت پھیلاکر سیاسی روٹی سیکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا بی جے پی گجرات کی طرح مہاراشٹر میں بھی دنگے فساد کے کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس ریلیز جاری کرکے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ انتخابات میں منہ کی کھائی ہے تب سے مخالف جماعت کے طورپر نہیں بلکہ مہاراشٹر مخالف پارٹی کے طورپر اپنا طرز عمل اپنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نانڈیر اور امراوتی میں پیش آئے واقعات ریاست اور ریاستی حکومت کے لیے باعث تشویش ہیں۔ لیکن حکومت نے بروقت حالات پر قابو پالیا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ اشتعال انگیزی کی جارہی ہے جب کہ بی جے پی کو ایک ذمہ دار حزب مخالف کا کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے عقل مند اور مہذب لوگ ان کے ناپاک عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو ان کوششوں کو روکنا چاہئے اور مہاراشٹر کو پر امن بنائے رکھنے کی سمت میں کام کرنا چاہئے۔