صفائی کے معاملے میں پھر نمبر 1 بنا چھتیس گڑھ، صدر جمہوریہ نے اعزاز سے نوازا
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ملک کے سب سے صاف ریاست کا خطاب چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو دیا، سال 2019 اور 2020 میں بھی چھتیس گڑھ ہی ملک کی سب سے صاف ریاست تھی۔
وزارت برائے مرکزی شہری ترقیات نے 2021 کی صفائی رینکنگ میں چھتیس گڑھ کو سب سے صاف ریاست کا درجہ دیا ہے۔ صاف صفائی کے معاملے میں چھتیس گڑھ کو لگاتار تیسری مرتبہ ملک کی سب سے صاف ریاست کا ایوارڈ ملا ہے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے اندور شہر کو لگاتار پانچویں بار ملک کے سب سے صاف شہر کا ایوارڈ ملا ہے۔ علاوہ ازیں ریاستوں کی کیٹگری میں گنگا ٹاؤن کیٹگری کے تحت وارانسی کو ملک کے سب سے صاف گنگا شہر کا خطاب ملا ہے۔
نئی دہلی کے وِگیان بھون میں منعقد پروگرام میں صدر جمہوری رام ناتھ کوود نے ملک کی سب سے صاف ریاست کا خطاب چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو دیا۔ سال 2019 اور 2020 میں بھی صفائی کے معاملے میں چھتیس گڑھ ملک کی سب سے اؤل ریاست تھی۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ریاستی حکومت کی پوری ٹیم اور ریاست کے لوگوں کی محنت کو اس ایوارڈ کا سہرا دیا اور مبارکباد پیش کی۔
صاف صفائی سروے 2021 کے تحت صفائی کے معاملے میں لگاتار پانچویں مرتبہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور کو نمبر وَن شہر کا ایوارڈ ملا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اندور کو کچرا سے پاک شہر کی اسٹار ریٹنگ اور صفائی متر سیکورٹی چیلنج ایوارڈ بھی ملا ہے۔ اس سروے کے مطابق گجرات کا سورت شہر ملک کا دوسرا سب سے زیادہ صاف شہر ہے، جب کہ آندھرا پردیش کے وجے واڑا کو تیسرا سب سے صاف شہر کا خطاب ملا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ صاف صفائی سروے 2021 کے لیے ملک بھر میں 5 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا فیڈ بیک لیا گیا ہے۔
فاتحین کو انعام دینے کے بعد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے صفائی کے معاملے میں کی گئی کوششوں کو لے کر حکومتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کو لے کر ملک کے لوگوں کی سوچ میں آئی تبدیلی اس مہم کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے صفائی کو لے کر چھٹھ تہوار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب بچے بھی بڑے لوگوں کو گندگی پھیلانے سے روکنے لگے ہیں۔
انھوں نے حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے صفائی متر سیکورٹی چیلنج کی تعریف کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ سیوروں اور سیپٹک ٹینک کی مشین کے ذریعہ صفائی کی سہولت ملک کے سبھی شہروں میں شروع کی جانی چاہیے، کیونکہ انسان کے ذریعہ غلاظت ڈھونا ایک شرمناک رواج ہے اور اسے روکنے کی ذمہ داری سماج اور حکومت دونوں کی ہے۔