انتخابات میں ہار ہوئی تو ملک کی حقیقت اور سچائی سمجھ میں آنے لگی: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا، ’’آپ کی نیت اور آپ کے بدلتے رخ پر یقین کرنا مشکل ہے۔ کسان کی ہمیشہ فتح ہوگی۔ جے جوان، جے کسان، جے بھارت۔‘‘
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے تین مرکزی زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد کہا کہ انتخابات میں شکست کے پیش نظر وزیر اعظم سچائی کو سمجھنے لگے ہیں لیکن ان کی نیت اور بدلتے ہوئے رخ پر یقین کرنا مشکل ہے۔
پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا، “600 سے زیادہ کسانوں کی شہادت، 350 سے زیادہ دنوں کی جدوجہد، نریندر مودی جی آپ کے وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا، آپ کو پرواہ نہیں تھی۔ آپ کی پارٹی کے لیڈر کسانوں کی توہین کرتے ہوئے انہیں دہشت گرد، غدار، غنڈے، شرپسند کہا، آپ نے خود انہیں ’آندولن جیوی‘ قرار دیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’کسانوں پر لاٹھیاں برسائیں، انہیں گرفتار کر لیا۔ اب جب آپ کو انتخابات میں شکست نظر آنے لگی تو اچانک آپ کو اس ملک کی حقیقت سمجھ میں آنے لگی کہ اس ملک کو کسانوں نے تعمیر کیا ہے، یہ ملک کسانوں کا ہے، کسان ہی اس ملک کا اصل نگران ہے اور کوئی نہیں! حکومت کسانوں کے مفادات کو روند کر اس ملک کو نہیں چلا سکتی۔ وزیر اعظم پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے ارادوں اور آپ کے بدلتے رخ پر یقین کرنا مشکل ہے۔ کسان کی ہمیشہ جے ہوگی، جئے جوان، جئے کسان، جئے بھارت۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے جمعہ کے روز ایک سال سے زیادہ عرصے سے تنازعات میں گھرے ہوئے تین زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کے لیے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں بل لایا جائے گا۔ کسان تینوں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔