آئیٹا مہاراشٹر کی جانب سے ‘اُمیدوں کے چراغ’، ‘خیال خیال میں’ اور ‘علم کی نئی صبح’ 3 کتابوں کا رسم اجراء
حیدرآباد: 11/نومبر(پی آر) آل انڈیا آئڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹر کا میقاتی 2 روزہ تفہیمی کیمپ برائے پالیسی پروگرام بتاریخ 6 اور 7 نومبر 2021 جامعة دارالہدی پہاڑی شریف حیدرآباد میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ پروگرام کے پہلے دن رات 9:30 بجے بدست معزز مہمانان مرکزی و ریاستی عہدیدارانِ آئیٹا تین کتابوں کا اجراء کیا گیا۔
جن میں پہلی کتاب ڈرامہ نگار نعیم احمد محمد اسماعیل انصاری پالگھر کی اسکولی درسی ڈراموں پر مشتمل کتاب "امیدوں کے چراغ ” ہے۔ اس کتاب میں بچوں کے لیے سبق آموز درسی ڈراموں کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسری کتاب شاعر عبدالقدیر آزاد بھیونڈی کا شعری مجموعہ "خیال خیال میں” کا اجراء کیا گیا۔ اس مجموعے میں اسلامیات، ادب اطفال اور وطنی گیت و دیگر گیت عناوین پر مشتمل نظمیں ہیں۔ اس کے علاوہ 17 غزلیات اور نظامت کے لیے اشعار بھی دیے گئے ہیں۔
اس کے بعد آصف شاہ سر پالگھر کی جماعت پنجم تا نہم کے طلبہ کے لیے ریاضیات پر مشتمل کتاب بعنوان "علم کی نئی صبح” کا اجراء کیا گیا۔ اس کتاب میں ریاضی کے بنیادی اعمال میں کمزور طلباء کی رہنمائی انتہائی آسان انداز میں کی گئی ہے۔ آپ کی یہ کتاب ٹی ای ٹی کے امیدوار اساتذہ کےلیے بھی سود مند ہے۔
اس کے علاوہ شیخ محترم غوث الدین سر ڈسٹرک سکریٹری آئیٹا لاتور کی مشقی بیاض برائے طلبہ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ وہیں پر پہلے دن کے سیشن میں آئیٹا پربھنی کی جانب سے آئندہ سال جاری ہونے والا متوقع کیلنڈر کا بھی اجراء کیا گیا۔
مہمانان خصوصی میں آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) کے کل ہند صدر عبدالرحیم، مہاراشٹر کے ریاستی صدر جناب شریف، مرکزی سکریٹری اسلم فیروز صاحب و دیگر ریاستی عہدیداران اور ضلعی صدور اور عہدیدران حاضر تھے۔ اس موقع پر تربیتی و تفہیمی کیمپ میں آئے ہوئے تمام شرکاء نے تینوں معلمین کو ان کی پہلی تصنیف کے اجراء کے موقع پر بہت بہت مبارکباد پیش کی۔