اساتذہ، ملک کی ہمہ جہت ترقی میں اپنا فعال کرداراداکریں: کل ہند صدر آئیٹا
وادی ہدیٰ حیدرآباد میں منعقدہ آئیٹا مہاراشٹر کے دو روزہ تفہیمی کیمپ سے کل ہندصدر آئیٹا کا خطاب
حیدرآباد: ملک کی ہمہ جہت ترقی میں اساتذہ اپنا فعال کردار ادا کر یں۔ اس طرح کا اظہار خیال شیخ عبدالرحیم (کل ہند صدر آئیٹا) نے کیا۔ وہ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹر کے حیدرآباد میں منعقدہ دو روزہ تفہیمی کیمپ برائے پالیسی پروگرام بعنوان “ہیں منزلیں منتظر تمہاری” سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ،اساتذہ طلباء کے مستقبل کو سنوارنے کے ساتھ ساتھ انھیں مستقبل کے لیے تیار کریں تاکہ وہ ملک کی ہمہ جہت ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر آئیٹا کے جنرل سیکریٹری میر ممتاز علی، سیکریٹری اسلم فیروز، مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور ہفت روزہ دعوت کے مدیراعلیٰ ڈاکٹر فہیم الدین احمد آئیٹا کے ریاستی صدر سید شریف، سیکریٹری محمد عتیق شیخ ، ریجنل سیکرٹریز، اسٹیٹ ایڈوائزری کونسل کے ممبران کے علاوہ تمام ضلعی صدور و سیکرٹریز اور یونٹ صدور و سیکرٹریز موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن آئیٹا مہاراشٹر نے حال ہی میں 2021 تا2024 کا اپنا چار سالہ پالیسی پروگرام شائع کیا تھا جس کی تفہیم کے لئے وادی ہدیٰ حیدرآباد میں 6 اور7 نومبر کو دو روزہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں کل 5 سیشن لئے گئے۔علاوہ ازیں محفل مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا۔ دونوں دن کے پروگرام کی شروعات تزکیربالقرآن سے ہوئی جس کو مفتی شوکت علی صاحب اور عبدالواجد نے پیش کیا جبکہ ریاستی سیکریٹری محمد عتیق شیخ نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور داخلی استحکام کی ضرورت اور تقاضے اس عنوان کے تحت بھی مفصل رہنمائی فرمائی۔
کیمپ کے مرکزی عنوان “ہیں منزلیں منتظر تمہاری” کے تحت ریاستی صدر سید شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، اپنے مقصد میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد درکار ہوتی ہے۔ اس لئے اساتذہ اپنے فرض منصبی کو پورا کرنے کے سلسلے میں منصوبہ بند طریقے سے پوری دل جمعی کے ساتھ کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج انتظامیہ اور سماج کا دانشور طبقہ آئیٹا کو امیدوں کی نظر سے دیکھ رہا ہے۔ ہمارے لئے جہاں یہ خوشی کی بات ہے وہیں ہم پر ایک بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ ہم ان امیدوں پر پوری طرح کھرے اتریں۔ نیز انہوں نے یہ بھی کہا کہ اساتذہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنے آپ کو آئیڈیل بنائیں۔ آئیٹا کے جنرل سیکریٹری میر ممتاز علی نے کہا کہ، ہمارے کیڈر کو چاہیے کہ تنظیم کے اغراض و مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کریں۔
ڈاکٹر فہیم الدین احمد (اسسٹنٹ پروفیسر MANUU, مدیر ہفت روزہ دعوت، نئی دہلی) نے How to become an effective leader in teacher association اس عنوان کے تحت موثر لیڈرشپ کے صفات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جبکہ اسلم فیروز (سیکرٹری برائے توسیع و استحکام) نے مہاراشٹر کی دیگر اساتذہ تنظیمیوں کا طریقہ کار اور آئیٹا کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ، آئیٹا اساتذہ کی ایک کیڈر بیسڈ تنظیم ہے جسکامقصد ملک و ملت کی تعمیر نو کرنا ہے۔ اور یہ اپنی سرگرمیاں بھارت کے آئین کے دائرے میں رہ کر انجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ، مقامی سطح سے لے کر قومی سطح تک آئیٹا کا ایک منظم سیٹ اپ ہے۔ آئیٹا کے پاس اساتذہ کی تربیت کے لئے 9 کتابوں پر مشتمل نصاب موجود ہے۔ اس طرح آئیٹا اپنے طے شدہ مقاصد کی حصولیابی کے لیے جہدِ مسلسل میں لگی ہوئی ہے۔ اور الحمدللہ اس کی کوششیں ثمر آور ہو رہی ہیں۔ موصوف نے مزید کہا کہ آئیٹا کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج اساتذہ میں جہاں اپنے فرائض منصبی کو لیکر بیداری پیدا ہو رہی ہے۔ وہیں اساتذہ کے علمی و فکری فنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو آبیاری مل رہی ہے۔
میڈیا کا موثر استعمال کیوں؟ اور کیسے؟ اس عنوان کے تحت مومن فہیم احمد ( میڈیا سیکریٹری مہاراشٹر) نے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے پرہیز کرنا چاہیے وہیں اس کے مضر اثرات سے طلباء اور سماج کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں مختلف تدابیر اختیار کرنی چاہیے تاکہ وقت، پیسہ اور صلاحیتوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
اس موقع پرآئیٹا مہاراشٹر کے چار سالہ پالیسی پروگرام کی تفہیم:1) ‘اساتذہ۔فرائض منصبی، علمی، فکری، فنی و پیشہ ورانہ ارتقاء’ محمّد عتیق شیخ (ریاستی سیکرٹریٹری) نے پیش کی جبکہ, 2) ‘اساتذہ کے مسائل وحقوق’ پٹھان شریف خان (SACممبر آئیٹا مہاراشٹر)، 3) ‘تعلیمی ادارے۔ اقدار کا فروغ’ سید اسماعیل (SACممبر آئیٹا مہاراشٹر)، 4) ‘نظام تعلیم’ خان نعیم (SACممبر آئیٹا مہاراشٹر)، 5) ‘کیڈر کی تربیت’ عبدالواجد (SACممبر آئیٹا مہاراشٹر)، 6) ‘ توسیع و استحکام’ شیخ طیب (SACممبر آئیٹا مہاراشٹر) نے تفہیم پیش کی۔
اسی طرح شیخ ہارون (یونٹ سیکریٹری بھونڈی) ،تنویر احمد انصاری ضلعی صدر پال گھر) ،محمد عارف(ضلعی صدر اکولا) نے “مثالی یونٹ کی تشکیل میں میرا کردار” اس عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں ان تمام مذکورہ امور پر آئیٹا مہاراشٹر کے سابقہ صدر، SAC ممبر محمد عبدالجلیل نے تبصرہ کرتے ہوئے نہایت ہی جامع انداز میں موثر رہنمائی کی۔ جبکہ نعیم احمد انصاری پالگھر ، کاسار عبدالرشید لاتور اور مکرم خان بھیو نڈی نے کیمپ سے متعلق اپنے تاثرات بیان کیے۔
اس پروگرام میں آئیٹا مہاراشٹر کی جانب سے نیشنل بیسٹ ٹیچرایوارڈ یافتہ خورشید احمد شیخ کا استقبال کیا گیا۔اسی طرح نمایاں کارکردگی انجام دینے والے اساتذہ کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں تمغہ اور اسناد سے نوازا گیا۔ جن میں مومن فہیم احمد (بھیونڈی) پٹھان شریف خان (پر تور), عتیق احمدصدیقی (اورنگ آباد)،نعیم خان (اورنگ آباد)، سید ارشاد علی (اورنگ آباد),شیخ اقبال پاشاہ (پربھنی)، انصاری اقبال (پاتھری)،محمد عارف (اکولا)،انصاری تنویر احمد (وسئی), انصاری نیم احمد (وسئی)،کاسار عبدالرشید (لاتور), ریاض احمد شاہ(جلگاؤں), شیخ شریف (راویر), شائقہ تنویر (ناگپور) شامل ہیں۔
اس موقع پر آئیٹا پربھنی کے جانب سے تیار کردہ “آئیٹا کیلنڈر 2022” اور “بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد آن لائن کوئز 2021” کی لنک کا اجرا کیا گیا۔ اسی طرح “امیدوں کے چراغ” ڈراموں کا مجموعہ ( نعیم احمد انصاری), عبدالقدیر آزاد کا شعری مجموعہ “خیال خیال میں”اور آصف شاہ کی ” اؤ ریاضی سیکھیں” ، محمد غوث الدین کی عملی بیاضوں کا بھی اجراء معزز مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ علاوہ ازیں محمد عتیق صدیقی (اورنگ آباد) کے زیرِ صدارت مشاعرہ کی محفل منعقد ہوئی۔جس میں مختلف شاعر اساتذہ نے اپنا کلام پیش کیا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر تمام شرکاء نے ضابطہ اخلاق سے متعلق عہد لیا۔ دو روزہ تفہیمی کیمپ کے مختلف سیشنس کی نظامت کے فرائض شیخ غوث الدین (ضلعی سیکریٹری لاتور), تنویر احمد (ضلعی صدر پالگھر), محمد شکیل (ضلعی سیکریٹری ناندیڑ)، شہزاد خان چکھلی، شیخ عبدالرؤف (اورنگ آباد) اور اقبال پاشاہ (ضلعی صدر پر بھنی) نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیے۔اخیرمیں شیخ عبدالرحیم (کل ہند صدر آئیٹا) کی دعا پر تفہیمی کیمپ کا اختتام عمل میں آیا۔ (خصوصی رپورٹ)