خبریںعلاقائی

’میری ایک جیب میں برہمن اور دوسری میں بنیا‘ BJP لیڈر کا متنازعہ بیان

بی جے پی لیڈر مرلیدھر راؤ نے اپنے کُرتے کی جیب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ (میڈیا) نے ہمیں برہمن اور بنیا کی پارٹی قرار دیا، برہمن اور بنیا میری جیب میں ہیں‘‘

بھوپال: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راؤ کے اس بیان سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے کہ برہمن اور بنیا طبقہ ان کی ’جیب‘ میں ہیں۔ اپنے اس مبینہ بیان کے بعد مدھیہ پردیش میں پارٹی کے انچارج راؤ، حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے نشانہ پر آ گئے ہیں۔ کانگریس نے بی جے پی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جبکہ بعد میں راؤ نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے ان کے بیان کو غلط طریقہ سے پیش کیا ہے۔

راؤ نے پیر کے روز بی جے پی کے ریاستی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور اس کی حکومتیں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کو ووٹ بینک کے طور پر نہیں دیکھ رہی، بلکہ ان کی بنیادی ضروریات جیسے پسماندگی، روزگار اور تعلیم کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

اس کے بعد صحافیوں نے راؤ سے سوال کیا کہ بی جے پی کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ یہ برہمنوں اور بنیوں کی سیاسی پارٹی ہے اور اب وہ ایس ٹی/ایس سی طبقہ پر توجہ دینے کی بات کر رہی ہے جبکہ بی جے پی کا نعرہ ہے “سب کا ساتھ، سب کا وکاس” ہے۔

اس کے جواب میں راؤ نے اپنے کرتے کی جیب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’برہمن اور بنیا میری جیب میں ہیں۔ آپ نے (میڈیا کے لوگ) ہمیں برہمن اور بنیا کی پارٹی قرار دیا، جب زیادہ کارکنان اور ووٹ بینک انہی طبقات سے وابستہ تھا۔‘‘ راؤ نے کہا کہ بی جے پی تمام طبقات کا اعتماد حاصل کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔

ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے راؤ کے متنازعہ بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد بی جے پی کو نشانہ بنایا اور اسے کئی اپوزیشن لیڈروں نے شیئر کیا۔ ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا نعرہ دیا اور ان کی پارٹی کے جنرل سکریٹری کہہ رہے ہیں کہ برہمن اور بنیا ان کی جیب میں ہیں!

اپنے بیان میں کمل ناتھ نے کہا، ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دینے والے بی جے پی کے مدھیہ پردیش انچارج کہہ رہے ہیں کہ ہماری ایک جیب میں بنیا ہے، ایک جیب میں برہمن ہے۔ یہ ان طبقوں کی بہت بڑی توہین ہے، بی جے پی کے مطابق یہ طبقہ ان زیر اثر ہیں، ان کی جیب میں ہے۔

انہوں نے کہا، ’’جن طبقات کے لیڈران نے بی جے پی کو کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ان طبقات کے لیڈران کا یہ کیسا عزت و احترام ہے؟ بی جے پی کے لیڈر اقتدار کے نشہ اور گھمنڈ میں چور ہو گئے ہیں۔ بی جے پی قیادت کو فوری طور پر اس کے لیے ان طبقوں سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!