یوپی: چندر شیکھر آزاد نے CM یوگی کے خلاف اسمبلی انتخاب لڑنے کا کیا اعلان
آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندرشیکھر آزاد نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی یو پی کی سبھی 403 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اور ان کا ایک بھی امیدوار اعلیٰ ذات کا نہیں ہوگا۔
یو پی میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کو لے کر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ابھی تک یہ بھی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ کس سیٹ سے کھڑے ہوں گے، یا پھر الیکشن لڑیں گے بھی یا نہیں، اور ان کے خلاف الیکشن میں اترنے کی تیاری کرنے والوں کا نام سامنے آنے لگا ہے۔ آزاد سماج پارٹی کے قومی سربراہ چندرشیکھر آزاد نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے خلاف اسمبلی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد سماج پارٹی یو پی کی سبھی 403 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اور ان کا ایک بھی امیدوار اعلیٰ ذات کا نہیں ہوگا۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق چندر شیکھر آزاد کا کہنا ہے کہ ’’یوگی آدتیہ ناتھ کوئی بھی سیٹ طے کر لیں، ایسا نہیں ہے کہ میں محفوظ سیٹ سے الیکشن لڑوں گا، میں وہاں لڑوں گا جہاں سے یوگی آدتیہ ناتھ الیکشن لڑیں گے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ صرف ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کو ہی ان کی پارٹی ٹکٹ دے گی۔
واضح رہے کہ اتر پردیش میں اب اس بات پر بحث تیز ہو گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اسمبلی انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔ اور اگر لڑیں گے تو کون سی سیٹ کا انتخاب کریں گے۔ ابھی ہفتہ کے روز ہی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی جہاں سے کہے گی، وہ وہاں سے الیکشن لڑ لیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے اب تک اسمبلی کا انتخاب نہیں لڑا ہے۔ وہ 2017 میں وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے تک لوک سبھا کے رکن تھے۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد انھوں نے قانون ساز کونسل کی راہ اختیار کی۔