مزید 3 سال تک RBI کے گورنر رہیں گے شکتی کانت داس!
حکومت ہند نے ڈاکٹر شکتی کانت داس کو3 سال کی مدت کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر کے طور پر دوبارہ مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلہ کابینہ کی تقرری امور کی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا
نئی دہلی: حکومت ہند نے ڈاکٹر شکتی کانت داس کو تین سال کی مدت کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر کے طور پر دوبارہ مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلہ کابینہ کی تقرری امور کی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ڈاکٹر داس انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسر رہ چکے ہیں۔ انھیں ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار 11 دسمبر 2018 کو 3 سال کے لیے آر بی آئی گورنر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی مدت کار 10 دسمبر 2021 کو ختم ہو رہی تھی۔
کابینہ کی تقرری سے متعلق کمیٹی کے اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے ڈاکٹر شکتی کانت داس کو 10 دسمبر 2021 یا اس کے بعد کسی دیگر حکم تک 3 سال کے لیے ریزرو بینک کے گورنر کے عہدے پر دوبارہ مقررکرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
ڈاکٹر داس اس سے قبل وزارت خزانہ میں محکمہ اقتصادی امور کے سیکرٹری تھے۔ وہ فائنانس، انفراسٹرکچر، انڈسٹری اور ٹیکس کے شعبوں میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انھیں عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک جیسی کثیر جہتی مالیاتی تنظیموں میں کام کرنے کا تجربہ بھی ہے۔