جرائم و حادثات

تیز رفتار ٹرک نے خاتون کسان مظاہرین کو روندا، 3 ہلاک، 3 کی حالت نازک

ہریانہ کے بہادر گڑھ میں علی الصبح ایک تیز رفتار ٹرک نے خاتون کسان مظاہرین کو روند دیا، اس حادثہ میں تین بزرگ خواتین کی جان چلی گئی اور تین کی حالت نازک بنی ہوئی ہے

بہادر گڑھ: ہریانہ کے بہادر گڑھ میں علی الصبح ایک تیز رفتار ٹرک نے خاتون کسان مظاہرین کو روند دیا، اس حادثہ میں 3 بزرگ خواتین کی جان چلی گئی اور تین کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب جھجر روڈ پر پیش آیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بزرگ خواتین ڈیوائیڈر پر بیٹھی ہوئی تھیں، تبھی ان کو ایک بے قابو ٹرک نے روند دیا۔ ان میں سے 2 خواتین کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ تیسری خاتون نے اسپتال میں دم توڑا۔ مزید 3 خواتین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

حادثہ میں جان گنوانے والی تینوں خواتین کا تعلق پنجاب کے ضلع مانسا سے ہے اور یہ سبھی زرعی قوانین مخالف تحریک میں شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ خواتین علی الصبح اپنے گھر جانے کے لئے آٹو کے انتظار میں ڈیوائیڈر پر بیٹھی ہوئی تھیں، تبھی جھجر روڈ پر فلائی اوور کے نیچے تیز رفتار ٹرک نے انہیں روند دیا۔ حادثہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ موقع پر پولیس پہنچی اور معاملہ کی جانچ شروع کر دی۔

خیال رہے کہ مرکزی حکومت کے 3 زرعی قوانین کے خلاف نمبر 2020 سے دہلی بارڈر پر کسانوں کی تحریک لگاتار جاری ہے۔ اسی تحریک سے بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثہ میں جان گنوانے والی خواتین روٹیشن کے طور پر گھر جانے والی تھیں لیکن اس سے پلے ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!