خاتون کسان مظاہرین کی موت پر راہل گاندھی کا بیان ’بھارت ماتا-دیش کی ان داتا کو کچلا گیا‘
تین خاتون کسان مظاہرین کی ٹرک سے کچلنے سے ہونے والی موت پر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بھارت ماتا- ملک کی ان داتا کو کچلا گیا ہے۔ یہ ظلم و ستم اور نفرت ہمارے ملک کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ میری تعزیت۔‘‘
نئی دہلی: ٹیکری بارڈر کے پاس ٹرک سے کچل کر تین خاتون کسان مظاہرین کی موت پر راہل گاندھی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’بھارت ماتا- ملک کی ان داتا کو کچلا گیا ہے۔ یہ ظلم و ستم اور نفرت ہمارے ملک کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ میری تعزیت۔‘‘
ٹیکری بارڈر کے پاس تیز رفتار ٹرک نے خاتون کسان مظاہرین کو کچل دیا۔ اس واقعہ میں تین بزرگ خواتین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں تین خواتین کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ یہ خواتین کسان مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف جاری کسان تحریک کا حصہ تھیں۔
جمعرات کی صبح سڑک کے بیچ ڈیوائیڈر پر بیٹھ کر گھر جانے کے لئے آٹو کا انتظار کر رہی تھیں، تبھی تیز رفتار ٹرک ڈیوائیڈر پر چڑھ گیا اور خواتین اس کی زد میں آ گئیں۔