مودی حکومت نے ممتا حکومت کو لکھا خط، BJP کے61 لیڈروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت
مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے ریاستی ہوم سکریٹری کو ایک خط بھیجا گیا ہے، جس میں 61 بنگال بی جے پی لیڈروں کو جلد از جلد سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کولکاتا: مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد تشدد کے واقعات کے درمیان مرکزی حکومت نے ممتا بنرجی حکومت کو ایک خط لکھ کر بی جے پی کے 61 لیڈروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے ریاستی ہوم سکریٹری کو ایک خط بھیجا گیا ہے، جس میں 61 بنگال بی جے پی لیڈروں کو جلد از جلد سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان 61 رہنماؤں میں بیرک پور سے ممبر پارلیمنٹ ارجن سنگھ اور اداکار متھن چکرورتی بھی شامل ہیں۔
ایک دن پہلے ہی نامعلوم حملہ آوروں نے رکن پارلیمنٹ کے گھر پر بمباری کی تھی۔ تین بم پھینکے گئے جن میں سے ایک اس کے گھر کے دروازے پر پھٹا جبکہ دوسرا اس جگہ پھینکا گیا جہاں سنگھ کی حفاظت پر مامور سی آئی ایس ایف اہلکار ڈیوٹی پر ہیں۔ اس کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ اس کے بعد ہی بی جے پی مسلسل الزام لگا رہی ہے کہ بی جے پی لیڈروں پر انتظامیہ کی سرپرستی میں حملہ کیا جا رہا ہے۔