مہاراشٹر: کورونا کی تیسری لہر کا خطرہ، 17 اگست سے اسکول کھولنے کا حکم منسوخ
اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہا کہ ماہرین کے مطابق چونکہ کورونا انفیکشن کی زد میں آنے والے بچوں کے لیے کوئی ٹیکہ دستیاب نہیں ہے، اس لیے اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ فوراً نہیں لینا چاہیے۔
مہاراشٹر حکومت نے بدھ کی دیر شب ہوئی کووڈ-19 ٹاسک فورس کی میٹنگ کے بعد اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے۔ پہلے ریاست میں اسکول 17 اگست سے کھولے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ چیف سکریٹری سیتارام کنٹے کی صدارت میں اسکولوں کو پھر سے کھولنے پر فیصلہ لینے کے لیے ٹاسک فورس کے اراکین، تعلیم اور صحت محکمہ کے افسران کے ساتھ ساتھ کچھ ضلع کلکٹرس کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ کورونا کی تیسری لہر کی آمد کے اندیشہ اور اسکولی بچوں کو کورونا انفیکشن سے بچانے کی خاطر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ دیہی علاقوں کے کچھ اسکول، جہاں کورونا وائرس سے کوئی خطرہ نہیں ہے، کام کرنا جاری رکھیں گے۔ وہیں ریاست کے دیگر سبھی اسکول جو مارچ 2020 سے بند ہیں، ان اسکولوں کو فی الحال 17 اگست سے پھر سے شروع نہیں کیا جائے گا۔ اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے بتایا کہ پنجاب جیسی کچھ دیگر ریاستوں میں، جہاں اسکولوں کو پھر سے کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، وہاں بچوں میں کورونا انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ چونکہ انفیکشن کی زد میں آنے والے بچوں کے لیے کوئی ٹیکہ دستیاب نہیں ہے، اس لیے اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ فوراً نہیں لیا جانا چاہیے۔
نواب ملک نے بتایا کہ اب ٹاسک فورس، محکمہ تعلیم کے افسران ملاقات کریں گے اور اس معاملے پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے، جو اس ایشو پر آخری فیصلہ لیں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں اس وقت درجہ 7 سے 8 کے طلبا کو کووڈ پابندیوں کے ساتھ آف لائن کلاسز کی اجازت ہے، لیکن ذیلی درجات کے طلبا آئندہ حکم تک اسکولوں میں نہیں لوٹ پائیں گے۔
اس سے معاشرے میں ڈر پیدا ہو گیا ہے اس لئے حکومت کو ایسے لوگوں کے خلا ف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے اورسرکار کی زمےواری بنتی ہے کہ ہر ایک شہری کو عزت سے جینے کا حق حاصل ہو