تلنگانہ: وزیر کے ٹی آر کے قافلہ کو روکنے کی کوشش، ABVP کارکنوں پر لاٹھی چارج
اے بی وی پی کے کارکنوں نے تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع میں ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ کی گاڑیوں کے قافلہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کارکنوں پر لاٹھی چارج کر دیا
حیدرآباد: اے بی وی پی کے کارکنوں نے تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع میں ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ کی گاڑیوں کے قافلہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کارکنوں پر لاٹھی چارج کر دیا، جس کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
تارک راما راؤ کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کرنے والے اے بی وی پی کے کارکنان پر لاٹھی چارج کے بعد ان میں سے بعض کارکنوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ راما راؤ سرکاری اسپتال میں بچوں کے وارڈ کے افتتاح اور بعض دیگر پروگراموں میں شرکت کے لئے ضلع کا دورہ کر رہے تھے۔ متعدد کارکن ان کی گاڑیوں کے قافلہ کے سامنے لیٹ گئے تاہم پولیس نے ان کو وہاں سے ہٹا دیا اور ان پر لاٹھی چارج کر دیا۔
خیال رہے کہ وزیر موصوف کے دورہ کے پیش نظر پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا تھا۔ اے بی وی پی کے کارکن شعبہ تعلیم کے بعض مسائل اور خالی ملازمتوں کو پُر کرنے کے لئے وٹیفکیشن جاری کرنے کے مطالبہ پر احتجاج کر رہے تھے۔