کیرالہ میں زیکا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق، اب تک 10 افراد متاثر
کورونا وبا کے درمیان کیرالہ میں زیکا وائرس نے بھی دستک دے دی، ایک 24 سالہ خاتون کے متاثر پائے جانے کے بعد 13 افراد کے نمونے پونے لیب کو بھیجے گئے تھے، جن میں سے 10 افراد زیکا وائرس سے متاثر پائے گئے
ترواننت پورم: ملک ایک طرف جہاں کورونا وائرس کی وبا سے جوجھ رہا ہے وہیں دوسری طرف کیرالہ میں ایک اور خطرناک زیکا وائرس نے دستک دے دی ہے۔ کیرالہ میں جمعرات کے روز زیکا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق کی گئی۔ نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق یہاں کے 19 افراد کے نمونے پونے میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرالوجی پونے کو بھیجے گئے تھے، جن میں سے 10 افراد میں زیکا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
اس سے قبل کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا تھا کہ کیرالہ کی ایک 24 سالہ خاتون زیکا وائرس سے متاثر پائی گئی ہے۔ یہ ریاست میں پہلا زیکا وائرس کا معاملہ ہے۔ جن 19 افراد کے نمونے پونے کی لیب کو بھیجے گئے ہیں ان میں ڈاکٹر اور طبی اہلکار بھی شامل تھے اور 13 افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاتون ترواننت پورم ضلع کے پارسلین کی رہائشی ہے اور اس کا ایک نجی اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ اسے 28 جون کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اور 7 جولائی اس نے ایک بچے کو جنم دیا۔ ٹیسٹ کرائے جانے پر خاتون کے جسم میں زیکا وائرس پایا گیا۔ تاہم خاتون کی حالت اب مستحکم ہے۔ خاتون کی کوئی ’ٹریول ہسٹری‘ نہیں ہے، حالانکہ اس کا گھر تمل ناڈو بارڈر پر واقع ہے۔ ایک ہفتہ قبل اس کی ماں میں بھی ایسی ہی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔
زیکا وائرس کیا ہے؟ اس سے متاثر ہونے والے افراد کو کیا ہوتا ہے؟
خیال رہے کہ زیکا وائرس مچھروں سے پھیلتا ہے اور اس کی علامات ڈینگی کی طرح ہی ہوتی ہیں۔ زیکا وائرس سے متاثر والے شخص کو بخار آتا ہے، بدن پر چکتے پڑتے ہیں اور جوڑوں میں شدید درد ہوتا ہے۔