ریاستوں سےمہاراشٹرا

ممبئی: میڈیکل سروس سوسائٹی اور جماعت اسلامی کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد

ڈاکٹرز کے ذریعہ صحت کے متعلق بیداری کیمپ لگانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے: ڈاکٹر افروز انصاری

کُرلا: 5/جولائی (پی آر) ہم اکثر تندرستی ہزار نعمت ہے کہ قول کو دہراتے تو ہیں لیکن اس کی خاطر عملی اقدام اور عوام الناس میں عام بیداری لانے کے تحت بہت مجہول رویّہ رکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند ممبئی نے پچھلے دنوں فار آل کووڈ کیئر سینٹر کا آغاز کیا اور اس سنٹر کے ذریعے مریضوں کے لیے امدادی اور راحتی کیمپ کا انعقاد کرتی رہی ہے۔ لہٰذا اس مرتبہ جماعت اسلامی ہند ممبئی نے میڈیکل سروس سوسائٹی (ایم ایس ایس) کے اشتراک سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد فار آل کووڈ کیئر سینٹر دائرۃ الفلاح ایجوکیشن سوسائٹی وی بی نگر کُرلا (مغرب) میں کیا گیا۔

کیمپ کا مقصد عوام الناس کو صحت کی بہتری، صحت کے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔اس مفت میڈیکل کیمپ سے ۳۸۰ مریضوں نے فیض اٹھایا۔اور میڈیکل کے ہر شعبے کے ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں یہ کیمپ جاری رہا۔جنرل فزیشن کے طور پر ڈاکٹر سہیل خان، میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر اے ایف صدیقی، آرتھوپیڈک کے طور پر ڈاکٹر محمد ہارون انصاری، ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر ہمام انصاری، پیڈیٹشرن ڈاکٹر عظیم خان، ڈاکٹر مه جبین گائناکالوجسٹ ، چیسٹ فزیشن  ڈاکٹر فتح صدیقی، فزیوتھراپسٹ کے بطور ڈاکٹر راحمین اور ڈاکٹر سعید وغیرہ کی خدمات میسّر رہی۔ اس مفت میڈیکل کیمپ میں بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کی بھی جانچ کی گئی۔

ماہر ڈاکٹرز سے ملی رہنمائی پر مریضوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی صحت سے متعلق فعال رہنے کا عزم ظاہر کیا۔کیمپ میں جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر کے ناظم عبد الحسیب بھا ٹکر، امیرِ مقامی عرفان شیخ صاحب، میڈیکل کیئر کے ذمّہ دار نعیم شیخ وغیرہ موجود رہے۔ کیمپ کے اختتام پر ایم ایس ایس کُرلا کے صدر ڈاکٹر افروز انصاری نے تمام ہی ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اسی قسم کے تعاون کا مطالبہ کیا۔

جن ڈاکٹرز نے اپنا قیمتی وقت دے کر اس میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنایا اُن کی خدمت میں جماعت اسلامی ہند اور ایم ایس ایس کی طرف سے سرٹیفکیٹ آف ایپریسیشن بھی پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!