تازہ خبریں

وزیراعظم غلطی مانیں اور ماہرین سے صلاح لیں، ملک کی ازسرنو تعمیر تبھی ممکن ہوگی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ حکومتِ ہند کی کورونا کے حوالہ سے کی گئی بد انتظامیوں کا یہ نتیجہ ہے۔ لیکن اب ہمیں ہر حال میں مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر کورونا کی بدانتظامی کے حوالہ سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹر پر ایک رپورٹ شیئر کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران عالمی سطح پر غریبی میں اضافہ کرنے میں ہندوستان کا تعاون سب سے زیادہ ہے!

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’حکومتِ ہند کی کورونا کے حوالہ سے کی گئی بد انتظامیوں کا یہ نتیجہ ہے۔ لیکن اب ہمیں ہر حال میں مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیے۔ ملک کی از سر نو تعمیر تبھی ممکن ہو سکے گی جب وزیر اعظم اپنی غلطی کا اعتراف کریں اور ماہرین سے صلاح لیں۔ تردید کا رویہ اختیار کیے رکھنا کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے جو رپورٹ مشترک کی ہے اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جو لوگ وبا کے دوران خط افلاس سے نیچے چلے گئے ہیں اور یومیہ 2 امریکی ڈالر بھی نہیں کما پا رہے ان میں ہندوستان کے لوگوں کی حصہ داری سب سے زیادہ ہے۔ عالمی سطح پر غریبی میں اضافہ کرنے کے معاملہ میں ہندوستان کی حصہ داری 57.3 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ عالمی بھوک کی درجہ بندی (ورلڈ ہنگر انڈیکس) 2020 کے مطابق ہندوستان 107 ملک کی فہرست میں 94 ویں مقام پر پے۔ وبا اور بیروزگاری کے سبب ملک کی حالت خستہ ہو رہی ہے۔ غذائی قلت کے سبب تقریباً 16 ریاستوں میں بچوں کا وزن معمول سے کم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!