مسلم طبقہ بڑھتی آبادی پر کنٹرول کیلئے خاندانی منصوبہ بندی اپنائے: چیف منسٹر آسام
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی خواتین کو بڑھتی آبادی سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے تعلیم دینے کا ہدف بنا رہی ہے۔
گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلی ہمنتا بِسوا سرما نے جمعرات کو کہا ہے کہ غیر مقیم مسلم کمیونٹی کو مجموعی ترقی اور غربت کو کم کرنے کے لئے اور آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کی پالیسی اپنانی چاہئے۔ انھوں نے نئی حکومت کی تشکیل کے ایک ماہ کی مدت پوری ہونے کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں بڑھتی آبادی خصوصاً اقلیتی برادریوں کے درمیان وسائل اور جگہ کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔‘‘
وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست میں اقلیتی انجمنیں حکومت کو اس برادری میں غربت کو کم کرنے کے لئے تجاویز دیں۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو آبادی پر قابو پانے پر توجہ دینے کی ترغیب دیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی خواتین کو اس مسئلے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے تعلیم دینے کا ہدف بنا رہی ہے۔
وبائی مرض کے درمیان جنگلات اور مندر کی اراضی میں حکومت کے ذریعہ بے دخلی کی مخالفت کا سامنا کرتے ہوئے ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ حکومت مندر کی زمین اور جنگلات کی زمین کے تجاوزات کے خلاف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برادری کے افراد نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایسی اراضی پر تجاوزات نہیں کریں گے۔