سبودھ جیسوال CBI کے نئے سربراہ مقرر
جیسوال فی الحال سی آئی ای ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ ممبئی کے پولیس کمشنر اور مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس رہ چکے ہیں۔
نئی دہلی: انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے 1985 بیچ کے افسر سبودھ کمار جیسوال کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
منسٹری آف پرسنل اینڈ ٹریننگ کے محکمہ برائے عملہ ، عوامی شکایات اور پنشن کے ذریعہ منگل کو دیر شام جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کی کمیٹی برائے تقرری نے مہاراشٹر کیڈر کے 1985 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر مسٹر جیسوال کو سی بی آئی کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
مسٹر جیسوال فی الحال سی آئی ای ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ممبئی کے پولیس کمشنر اور مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس بھی رہ چکے ہیں۔
مسٹر جیسوال انٹلی جنس بیورو اور ریسرچ اینالائسس ونگ (را) میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔سی بی آئی کے ڈائرکٹر کا عہدہ فروری کے پہلے ہفتے سے خالی تھا۔ اس وقت کے ڈائریکٹر رشی کمار شکلا کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروین سنہا نے عبوری طور سے چیف کا عہدہ سنبھالا تھا۔
ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے انتخاب کے لئے کل وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔