ضلع بیدر سے

مولانا سیدعثمان منصورپوری کے انتقال پر جمعیت علماء بیدرکا اظہارِتعزیت

مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء بیدراور مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سیکریٹری کا اظہارتعزیت

بیدر:22/مئی(اے ایس ایم) جمعیت علماء ہند کے قومی صدر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم مولانا قاری سید عثمان منصور پوری کے سانحہ ارتحال پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء بیدراور مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سیکریٹری نے حضرت کی وفات کو ملک و ملت اور علمی دنیا کا عظیم خسارہ قرار دیتے ہوئے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا محترم بلند پایہ عالم دین،لائق و فائق محدث،مشفق ومہربان استاد ہونے کے ساتھ ایشیاء کے دو بڑے ادارے دارالعلوم دیوبند اور جمعیت علماء ہند کے رہنما تھے،دنیا بھرمیں پھیلے ہوئے حضرت کے ہزاروں شاگرد و وابستگان وخدام جمعیت علماء ہند،وصال کی خبر سن کر سکتہ میں آگئے۔

مولانا محترم تواضع،انکساری،مہمان نوازی،غم خواری،تقوایٰ و طہارت،اتباع سنت،قناعت وشرافت،اعتدال پسندی،کریمانہ اخلاق،نفاست و نزاکت،حسن انتظام کی جیتی جاگتی مثال تھے،آپکی زندگی کا ہر پہلو تابناک وقابل رشک تھا،تحفظ ختم نبوت کے پلیٹ فارم سے بھی آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،اس ادارے نے ملک بھر میں فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے لئے عظیم ترین خدمات انجام دی ہیں،حضرت کی پوری زندگی دینی علمی خدمات سے عبارت ہے،حضرت دارالعلوم دیوبند سے تقریباََ چالیس سال وابستہ رہے اور اس دوران درس و تدریس کے ساتھ مختلف عہدوں پر فائز رہے،اور تمام ذمہ داریوں کوبحسن خو بی امانت ودیانت داری کے ساتھ انجام دیتے رہے،یقینا ملک وملت کا ایک قیمتی سرمایہ چمکتا ستارہ ہم سے جدا ہو گیا،آپ نے مولانا سید اسعدمدنی کی قیادت میں ملک وملت بچاؤ تحریک سے بھی جڑے رہے اور اس موقع پر جیل کی صعوبتیں بھی برداشت کیں اور سنت یوسفیؑ کو زندہ کیا،جمعیت علماء ہند کے عہدہئ صدارت پر فائز ہونے کے بعد تا دم آخرآپکی بے شمار نمایاں خدمات رہی ہیں۔

جمعیت علماء بیدر کے تمام خدام مولانا سید محمود مدنی قومی جنرل سیکریٹری اور انکے دونوں لائق فرزندان مولانا سید سلمان منصور پوری، مولانا سید عفان منصور پوری کے ساتھ برابر غم میں شریک ہیں اوراظہار تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ حضرت کی خدمات جلیلہ کو شرف قبولیت عطا فرمائے،اعلیٰ علیین میں جگہ عنایت فرمائے،اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!