’توکتے طوفان‘ تباہی مچانے کے لیے تیار، 3 ریاستوں میں ریڈ الرٹ جاری
لکشدیپ اور بحرعرب میں پیدا ہونے والے طوفان توکتے اتوار کو مکمل طور پر گردابی طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے تین ریاستوں میں این ڈی آر ایف ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں
لکشدیپ جزیرہ اور بحرب عرب کے اوپر ایک کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے۔ اتوار تک ایک طاقتور گردابی طوفان کے پیدا ہونے کا امکان ہے اور اگلے چار دنوں میں گجرات، مہاراشٹر و کیرالہ کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات سائنس (آئی ایم ڈی) نے یہ جانکاری دی ہے۔ آئی ایم ڈی نے پہلے ہی ممبئی اور ٹھانے کو یلو الرٹ جاری کر دیا ہے، جو تیز ہواؤں کے ساتھ الگ الگ موسلادھار بارش کا اشارہ دیتا ہے، جب کہ گجرات اور کیرالہ کے کئی اضلاع کے لیے آرینج اور ریڈ الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔
اس وقت لکشدیپ جزیرہ اور بحر عرب سے پیدا ہونے والے طوفان ’توکتے‘ کے اتوار کو مکمل طور پر گردابی طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ اسی کا اثر ہے جو ملک کے جنوبی اور مغربی ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔
آئی ایم ڈی نے اپنے تازہ بلیٹن میں کہا ہے کہ ’’اس کے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران گہرے دباؤ میں اور اس کے بعد کے 12 گھنٹوں کے دوران ایک گردابی طوفان میں بدلنے کا امکان ہے۔ اس کے مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔ یہ غالباً شام تک شمال-شمال-مشرق کی جانب بڑھے گا۔ پھر شمال-شمال-مغرب کی جانب بڑھے گا اور 18 مئی کی صبح تک گجرات ساحل کے پاس پہنچنے کا امکان ہے۔‘‘ آئی ایم ڈی نے کہا کہ طوفان لکشدیپ جزیرہ کے بڑے علاقوں میں آج (14 مئی) سے لے کر اتوار تک الگ الگ مقامات پر زوردار بارش کے ساتھ متوسط بارش لائے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق کیرالہ میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو الگ الگ مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
گردابی طوفان ممبئی، جنوبی کونکن علاقہ کے رائے گڑھ، رتناگری اور مہاراشٹر کے سندھو دُرگ ضلعوں، گوا اور گجرات کے کچھ حصوں میں اگلے تین دنوں تک زوردار بارش ہوگی، جب تک کہ یہ منگل کو گجرات ساحل پر نہیں پہنچ جاتا۔ آئی ایم ڈی کی پیشین گوئی کے مطابق گجرات میں 17 مئی سے بارش شروع ہوگی، کَچھ اور سوراشٹر علاقوں میں کچھ مقامات پر زوردار بارش ہوگی اور 19 مئی کو کَچھ میں زوردار یا بہت زوردار بارش ہوگی۔ رتناگری اور سندھو دُرگ میں اتوار اور پیر کو بہت زوردار بارش ہونے کا امکان ہے، جب کہ ممبئی، ٹھانے اور رائے گڑھ میں پیر کو بہت تیز بارش ہوگی۔ اس کے علاوہ ستارا، کولہاپور، مغربی گھاٹ کے کچھ حصوں اور پونے میں اتوار اور پیر کو گرج کے ساتھ بارش ہوگی۔
ساحلی مہاراشٹر، خصوصی طور سے جنوبی کونکن علاقہ، ہفتہ کو 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچنے والے اور اتوار کو مہاراشٹر-گوا ساحلوں پر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار تک پہنچنے کے علاوہ سمندروں کی لہروں سے متاثر ہو سکتا ہے۔ بحر عرب میں پہلے سے موجودہ ماہی گیروں کو واپس لوٹنے کی صلاح دی گئی ہے جب کہ دیگر کو 18-14 مئی تک سمندر میں نہ اترنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔ قومی آفت رد عمل فورس، ریاستی آفت رد عمل فورس، ہندوستانی بحریہ اور دیگر ایجنسیوں کو اگلے کچھ دنوں میں کسی بھی واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔