ممتازسیاست و قانون داں محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق ایم ایل اے بیدر کا انتقال پُر ملال
بیدر: 30/اپریل (اے ایس ایم) یہ خبر شہریان بیدر کے لئے صدمہ کا باعث ہوگی کہ شہر کی مرنجان مرنج شخصیت ممتاز سیاستداں و قانون داں جناب الحاج محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق رکن اسمبلی بیدر کا آج صبح 10بجے بعمر 85سال انتقال پر ملال ہوگیا۔ موصوف سینئر ایڈوکیٹس کی آخری صف کے ترجمان تھے۔ جنا ب محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ 1972میں صدر نشین بلدیہ بیدر تھے۔ انہوں نے 2مرتبہ کرناٹک وقف بورڈ بنگلور کی ذمہ داری سنبھالی اور 3مرتبہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر رہے جبکہ 2مرتبہ پردیس کانگریس کے نائب صدر رہے۔
جناب محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق وزیر اعظم انجہانی اندرا گاندھی کے با اعتماد رفیقوں میں شمار کئے جاتے تھے۔ کانگریس کی تقیسم کے موقعہ پر وہ برہما نندا ریڈی کانگریس کے حمایتی رہے لیکن بہت جلد انہوں نے کانگریس (آئی)میں شمولیت اختیار کرلی۔ وہ بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کے خدمت گذار تھے۔ انہوں نے اُردو بچاؤ تحریک کی قیادت کی، مسلم پرسنل لا بورڈ کے جلوس کی قیادت فرمائی۔قلعہ ارک میں واقع قدیم تاریخی مسجد سولہ ستون کی تحریک کے احتجاج کے مجلس قائدین کے علاوہ فرقہ ورانہ مقدمات میں مفت قانونی امداد مہیا کروائی تھی۔ اس کے علاوہ بھی وہ مفت قانونی امداد مہیا کرواتے ہوئے حقداروں کے حقوق کے لئے جدو جہد کرتے تھے۔
شہر کے مختلف تعلیمی اداروں اور تنظیموں کی سرپرستی فرمائی۔ ابتدائی دور میں انہوں نے اپنے والد مولوی محمد برہا ن الدین وکیل کی سرپرستی میں پیشہ وکالت اختیار کیااور وقت بہ وقت اپنے والد سے مشورہ بھی کیا کرتے تھے ان کے برادر بزرگ جناب محمد معین الدین معین آبادی سے بھی سیاسی مشاورت کیا کرتے تھے۔ سابق صدر مجلس اتحاد المسلمین جناب سلطان صلاح الدین اویسی ؒسے بھی دوستانہ مراسم تھے۔ سالار ملت کے دور بیدر کے موقع پر دونوں باہمی مشاورت کیا کرتے تھے۔ آج بعد نماز عصر موتی مسجد (کالی مسجد) نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین احاطہ قبرستان درگاہ حضرت مخدوم جی قادری ؒ چدری روڈ بیدر میں بدیدہ نم عمل میں آئی۔
پسماندگان میں تین دختران اور دو فرزندان محمد پرویز جمال، محمد ارشاد گرامی شامل ہیں۔اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہِ بیکس پناہ میں دعا ہے کہ اللہ تعالی جناب لئیق الدین ایڈوکیٹ کی خدمات و حسنات کو قبول فرمائے اور ان کے صغیرہ کبیرہ گناہوں کو معاف فرما کر ان کے برزخی احوال میں آسانی عطا فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے جمیع پسماندگان کوصبر جمیل عطا فرمائے۔آمین