’’نا ٹیسٹ ہے نا اسپتال میں بیڈ، نا وینٹی لیٹر ہے نا آکسیجن، ویکسین بھی نہیں، بس ایک اتسو کا ڈھونگ ہے‘‘ راہل گاندھی کا مودی پر حملہ
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ایک پرانے بیان کے حوالہ سے ان پر طنز کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ’’شمشان اور قبرستان دونوں… جو کہا سو کیا۔‘‘
نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ ملک کے کئی شہروں میں شمشانوں اور قبرستانوں میں بڑی تعداد میں میتوں کی آخری رسومات ادا ہو رہی ہیں۔ دریں اثنا، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ایک پرانے بیان کے حوالہ سے ان پر طنز کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ’’شمشان اور قبرستان دونوں… جو کہا سو کیا۔‘‘
خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات کے دوران شمشان اور قبرستان کے حوالہ سے بیان دیا تھا جو کافی زیر بحث رہا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے 19 فروری 2017 کو فتح پور میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ’’اگر گاؤں میں قبرستان بنتا ہے تو شمشان بھی بننا چاہیے۔ اگر رمضان میں بجلی آتی ہے تو دیوالی پر بھی آنی چاہیے۔‘‘ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم کے اسی بیان کی بنیاد پر اب ان پر حملہ بولا ہے۔
قبل ازیں راہل گاندھی نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا، ’’مرکزی حکومت کی کووڈ حکمت عملی، اٹیج 1- تغلقی لاک ڈاؤں۔ اسٹیج 2- گھنٹی بجاؤ۔ اسٹیج 3- پربھو کے گُن گاؤ۔‘‘
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے اسپتالوں میں بدانتظامی کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’’نا ٹیسٹ ہے نا اسپتال میں بیڈ، نا وینٹی لیٹر ہے، نا آکسیجن، ویکسین بھی نہیں ہے۔ بس ایک اتسو کا ڈھونگ ہے۔ کیا وزیر اعظم کو پروا ہے۔‘‘