لالو کے لیے ’روزہ‘ رکھ رہی بیٹی روہنی نے والد کی ضمانت پر کہا ’مجھے عیدی مل گئی‘
روہنی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ اپنے والد کی جیل سے رہائی اور صحت مندی کے لیے پورے رمضان روزہ رکھیں گی۔ آج جب لالو پرساد کی جیل سے رہائی کا راستہ صاف ہو گیا تو روہنی خوشی سے نہال ہو گئیں۔
لالو پرساد یادو کے چاہنے والوں اور ان کی آزادی کے لیے دعاء کر رہے لوگوں میں آج جشن کا ماحول ہے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے چارہ گھپلہ سے متعلق دمکا معاملہ میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ اور جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی، لالو کی بیٹی روہنی آچاریہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میرا رمضان اور نوراتر کامیاب ہوا۔ آج مجھے اوپر والے کی طرف سے عیدی مل گئی۔‘‘ یہاں قابل ذکر ہے کہ روہنی آچاریہ نے رمضان شروع ہونے سے پہلے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ اپنے والد کی جیل سے رہائی اور صحت مندی کے لیے پورے مہینے روزہ رکھیں گی۔ آج جب لالو پرساد کی جیل سے رہائی کا راستہ صاف ہو گیا تو روہنی خوشی سے نہال ہو گئیں اور عدالت کے اس فیصلے کو اپنے لیے ’عیدی‘ قرار دے دیا۔
روہنی آچاریہ نے مذکورہ ٹوئٹ کے بعد بھی کچھ مزید ٹوئٹ کیے جس میں لالو پرساد کے مخالفین اور نفرت آمیز ذہن رکھنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’دیکھو دیکھو شیر آیا۔ زہریلی پرورش والوں کا منھ کالا ہوا۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’ہندو-مسلم اتحاد کی جیت ہوئی، اور نفرتی زہریلی سوچ کی ہار۔‘‘
روہنی نے لالو پرساد یادو کو مظلموں کے لیے مسیحا ٹھہرانے والا بھی ٹوئٹ کیا اور ان کی ضمانت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ظالم کب تک ظلم کرے گا… مسیحا کو کب تک قید رکھے گا…؟ آیا آیا دیکھو کون…؟ تاناشاہ اقتدار سے وہ لڑ کر…! غریبوں کا مسیحا آیا… اس ماٹی کا لال جو آیا!!‘‘ اس کے بعد انھوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ’’غریبوں-مظلوموں کی آواز ہے وہ… ہم سب کا ابھیمان (وقار) ہے وہ… سب کے دلوں کی جان ہے وہ… اس دھرتی کا لال ہے وہ…!!‘‘ ان سبھی ٹوئٹس کے ساتھ انھوں نے ’ہیش ٹیگ شیر لالو آیا‘ لگایا ہے۔ سوشل میڈیا پر لالو پرساد کی ضمانت کا زبردست انداز میں جشن منایا جا رہا ہے، حالانکہ مخالفین خاموش ہیں۔