اترپردیشجرائم و حادثاتریاستوں سے

یو پی میں پھر شرمناک واقعہ، اجتماعی عصمت دری کے بعد خاتون کو زندہ جلایا

اتر پردیش کے سیتاپور میں ایک خاتون کو یرغمال بنا کر اجتماعی عصمت دری کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ اجتماعی عصمت دری کے بعد ثبوت مٹانے کے مقصد سے خاتون کو زندہ جلانے کی کوشش بھی کی گئی۔

اتر پردیش میں خواتین کے لیے محفوظ رہنا دن بہ دن مشکل نظر آنے لگا ہے۔ اجتماعی عصمت دری اور نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ تازہ معاملہ سیتاپور کا ہے جہاں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں باپ بیٹے نے مبینہ طور پر ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی اور بعد میں اسے زندہ جلا دیا۔ اس دردناک واقعہ کی وجہ سے علاقے میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔

خبروں کے مطابق اجتماعی عصمت دری متاثرہ خاتون کی حالت اس وقت انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔ ضلع اسپتال میں خاتون کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل سنسنی خیز واردات کی جانکاری ملتے ہی اے ایس پی این پی سنگھ کثیر پولس فورس کے ساتھ ہیلتھ سنٹر پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد خاتون کو ضلع اسپتال کے لیے ریفر کیا گیا۔

ایس پی آر پی سنگھ کا اس واقعہ کے تعلق سے کہنا ہے کہ جانکاری حاصل کرنے کے لیے ٹیموں کو سرگرم کر دیا گیا ہے۔ خاتون کے اہل خانہ کے مطابق تین سال قبل بھی خاتون جلنے کی وجہ سے سنگین طور پر زخمی ہو گئی تھی۔ بہر حال پولس نے اس واقعہ کو انجام دینے والے ملزم باپ-بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ خاتون کا جسم 30 فیصد تک جل گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ سیتاپور کے سندنا تھانہ حلقہ کے کرسی ہرورا کی رہنے والی ہے۔ جانکاری کے مطابق متاثرہ ذہنی طور پر بیمار ہے۔ وہ اپنے گاؤں سے گھومتی ہوئی سڑک پر آ گئی جس کے بعد سری نگر کا رہنے والا رام کشور اپنے ساتھ متاثرہ کو ٹھیلہ پر بٹھا کر اپنے گھر لے گیا۔ پھر جمعہ کی صبح متاثرہ خاتون جوگی بابا علاقہ میں سنگین حالت میں لوگوں کو ملی۔ علاقے کے لوگ رام کشور سمیت اس کے بیٹے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد زندہ جلانے کا الزام لگا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!