ہندوستانی بحریہ کا ’میگ 29 کے‘ سمندر میں گر کر تباہ، پائلٹ کی تلاش جاری
سمندر میں تعینات بحریہ کا میگ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے، ہندوستانی بحریہ کے مطابق جمعرات کی شام 5 بجے کے قریب ’میگ 29 کے‘ کے ساتھ حادثہ پیش آیا
نئی دہلی: ہندوستانی بحریہ کا ایک مگ 29 جمعرات کے روز حادثے کا شکار ہو گیا۔ بحریہ کے مطابق جمعرات کی شام پانچ بجے کے قریب میگ 29 کے کو حادثہ پیش آیا اور طیارہ سمندر میں جا گرا۔ لڑاکا طیارے کا ایک پائلٹ بازیاب ہو گیا ہے جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش کی جا رہی ہے۔ بحریہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یہ طیارہ بطور ٹرینر طیارہ استعمال ہوتا تھا۔ طیارے کے دوسرے پائلٹ کو تلاش کرنے کے لئے سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ پائلٹ کو سمندری علاقے میں ہوا اور پانی پر آپریشن چلا کر تلاش کی جا رہی ہے۔
ہندوستانی بحریہ کے بیان کے مطابق یہ میگ 29 آئی این ایس وکرمادتیہ پر تعینات تھا۔ کچھ دنوں پہلے جب ہندوستانی بحریہ نے مالابار مشق کی تھی تو میگ 29 کے نے بھی اس میں حصہ لیا تھا۔ یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی ہندوستانی بحریہ کا ایک میگ گوا میں گر کر تباہ ہوا تھا۔ وہاں بھی میگ 29 کے معمول کی پرواز پر تھا، حالانکہ کسی پائلٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔