زرعی قوانین پر پنجاب سی ایم امریندر سنگھ کا دہلی میں احتجاج: ’ہم نے ملک کے لئے کئی بار خون دیا، آگے بھی دینے کو تیار‘
وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ زراعت ریاست کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔ ہم نے اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے نئے زرعی قوانین بنائے لیکن یہ بل تاحال گرنر کے پاس زیر التوا ہیں۔
نئی دہلی: پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ بدھ کے روز دہلی کے جنتر منتر پر اپنی کابینہ اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ احتجاجی دھرنے پر بیٹھے۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے صدر رام ناتھ کووند سے زرعی قوانین اور پنجاب میں کوئلہ کی سپلائی بند ہونے جیسے مسائل پر ملاقات کی گزارش کی تھی لیکن انہیں وقت نہیں دیا گیا، جس کے بعد امریندر سنگھ نے علامتی دھرنا دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ’’زراعت ریاست کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔ ہم نے اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے نئے زرعی قوانین بنائے لیکن یہ بل تاحال گورنر کے پاس زیر التوا ہیں۔ ہم 20 تاریخ کو انہیں بل دے آئے تھے لیکن انہوں نے تاحال انہیں صدر کے یہاں نہیں بھیجے ہیں۔ میں صدر سے ملاقات کر کے انہیں صورت حال سے آگاہ کرانا چاہتا تھا۔ امید ہے کہ صدر ان بلوں کو قبول کریں گے۔‘‘
اس موقع پر امریندر سنگھ نے مزید کہا، ’’امن برقرار رکھنا میری ذمہ داری ہے۔ ہم نے اپنے ملک کے لئے کئی مرتبہ خون دیا اور آگے بھی دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہم کوئی جھگڑا نہیں چاہتے۔ پنجاب میں پُر امن مظاہرہ چل رہا ہے۔ ہمارا مقصد تھا کہ گاندھی جی کی سمادھی پر جائیں اور دھرنے پر بیٹھیں لیکن دفعہ 144 نافذ ہونے کی وجہ سے ہم یہیں بیٹھ گئے۔‘‘
کیپٹن امریندر نے مزید کہا کہ پنجاب کی آبادی 3 کروڑ سے زائد ہے اور چین و پاکستان کی سرحدوں پر پنجابی بیٹھے ہیں۔ ہم کبھی اینٹی نیشنل بات نہیں کر سکتے۔ چالیس فیصد اناج ہم ایف سی آئی کو دیتے ہیں۔ سبز انقلاب سے قبل بھی ہمارے یہاں آڑھتی نظام چلا آ رہا ہے۔ کسی کی شادی ہے تو اسے رات میں کبھی بھی پیسے مل جاتے ہیں، تو بتائیے آپ یہ نظام کیوں ختم کر رہے ہیں۔ اب ان کی جگہ کارپوریٹ لے لیں گے تو کیا کسان رات میں اپنی بیٹی کی شادی کے لئے پیسے مانگ سکتے ہیں؟
امریندر نے کہا کسان تحریک شروع ہوئی تو ہم نے انہیں سمجھایا کہ دو باتوں کو کبھی نہیں چھیڑنا چاہیے ایک عقیدے اور دوسرے پیٹ کے مسئلے کو، لیکن آج ان دونوں کو چھیڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے یہاں ٹرین بند کیے ہوئے ہیں کسان صرف دو اہم سڑکوں پر ہیں باقی مقامات پر ٹرین چلا دو۔
وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کہا، ’’میں نے ریلوے کے وزیر سے کہا کہ آپ چلاؤ میں ذمہ داری لیتا ہوں۔ ہمارے یہاں پاور پلانٹ میں کوئلہ ختم ہو گیا ہے۔ بجلی کا بحران ہے۔ ٹرین نہیں چلے گی تو کوئلہ نہیں آئے گا۔ اناج کے لئے باردانا نہیں ہے۔ آلو کے لئے کھاد نہیں ہے۔ بمپر فصل پیدا ہوئی ہے اس کے لئے ریل چاہیے۔ ہمیں باردانا چاہیے، ہمارے گودام اناج سے بھرے پڑے ہیں۔ بورے نہیں آٗئیں گے تو ہم اناج کیسے بھریں گے۔‘‘