حیدرآباد میں شدید بارش سے شہریوں میں خوف، متاثرین راحت کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور
پہلے ہوئی بارش کے پانی کی نکاسی ابھی نہیں ہوئی تھی کہ ایک بار پھر ہونے والی بارش نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور متعدد شہری عارضی راحت کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں ہفتہ کی شام ہوئی شدید بارش کے بعد شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے۔ کئی علاقوں میں چار دن پہلے ہوئی شدید بارش کے بعد پانی کی نکاسی نہیں ہو پائی تھی اور اب ایک بار پھر سے ہونے والی بارش نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ پریشان حال شہری عارضی طورپر بنائے گئے راحت کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ہفتہ کی شام سب سے زیادہ 18 سنٹی میٹر بارش پیرزادی گوڑہ میں درج کی گئی۔ ناگول میں 17.2سنٹی میٹر بارش ہوئی جس کے بعد سرور نگر میں 17 سنٹی میٹر، ایل بی نگر میں 16.9سنٹی میٹر اور بنڈلہ گوڑہ میں 16.3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔
ضلع رنگاریڈی کے انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں، قدیم اور بوسیدہ عمارتوں میں رہنے والوں سے خواہش کی ہے کہ وہ راحت مراکز منتقل ہو جائیں۔ ان مراکز میں ان کے لئے غذا، دواوں، پینے کے پانی وغیرہ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی ڈیزاسٹر رسپانس فورس نے چندرائن گٹہ، ناگول، ٹینک بنڈ، کاپرا، میاں پور، ہائی ٹیک سٹی، نلہ کنٹہ، حبشی گوڑہ اور دیگر علاقوں میں راحت کے کام شروع کر دئے ہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں ان فون نمبرات 040- 23230813 یا پھر 040- 23230817 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔