دہلی فسادات: پولیس کی چارج شیٹ میں سلمان خورشید اور برندا کرات کے بھی نام!
دہلی میں اس سال ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کی چارج شیٹ میں کئی بڑے نام شامل ہیں جن میں ادت راج، سلمان خورشید اور برندا کرات بھی ہیں ۔
شمال مشرقی دہلی میں اس سال فروری میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کی جانچ اور چارج شیٹ پر مستقل سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ اس تعلق سے جو چارج شیٹ داخل کی گئی ہے اس میں کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید، سی پی ایم کی خاتون رہنما برندا کرات اور ادت راج کے نام شامل بتائے جا رہے ہیں۔
ایک و یب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق ان رہنماؤں پر الزام ہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہو رہے مظاہروں میں ان رہنماؤ نے اشتعال انگیز تقاریر کیں ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ گواہ نے اس تعلق سے پولیس کو بتایا ہے۔
واضح رہے اس سال 24 فروری سے 27 فروری کے درمیان شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں فرقہ وارانہ دنگے ہوئے تھے جن میں 53 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس تعلق سے کئی لوگ پہلے ہی زیر حراست ہیں جن کی حراست کو لے کر بھی سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں۔
گواہوں نے بتایا ہے کہ ان لوگوں نےخوریجی کے سی اے اے مخالف مظاہروں میں شرکت کی تھی اور اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں۔ خبر کے مطابق پولیس نے کانگریس کی سابق کونسلر عشرت جہاں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ سی اے اے مخالف مظاہروں کو جاری رکھنے کے لئے سلمان خوشید، راہل رائے، بھیم آرمی کے رکن ہیمانشو جیسے لوگوں کو انہوں نے اور سماجی کارکن خالد سیفی نے جامعہ کو آرڈینیشن کمیٹی کے کہنے پر بلایا تھا۔