رام مندر ٹرسٹ کے سربراہ کورونا کا شکار، بھومی پوجن کے وقت پی ایم کے ساتھ تھے موجود!
مہنت نرتیہ گوپال کے کورونا پازیٹو پائے جانے سے ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ دراصل 5 اگست کو رام مندر تعمیر کے لئے منعقدہ بھومی پوجن تقریب کے دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ موجود تھے۔
متھرا: رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے سربراہ مہنت نرتیہ گوپال داس کورونا متاثر پائے گئے ہیں جس کے بعد انہیں لکھنؤ واقع میدانتا اسپتال میں داخل کرانے کے لئے انتظامیہ نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ مہنت نرتیہ گوپال کے کورونا پازیٹو پائے جانے سے ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ دراصل 5 اگست کو رام مندر تعمیر کے لئے منعقدہ بھومی پوجن تقریب کے دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ موجود تھے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مہنت کے صحت کی جانکاری لی اور متھرا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت دی کہ انہیں علاج کے لئے میدانتا اسپتال بھیجنے کا انتظام کریں۔ مہنت نرتیہ گوپال داس بدھ کو یہاں کرشاجنم بھومی پر جنم اشٹھمی کے موقع پر آئے تھے۔ آج صبح ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کا انٹیجنٹ ٹیسٹ کیا جس میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سورگ رام مشرا نے بتایا کہ مہنت نرتیہ گوپال داس کا کورونا انٹیجن ٹیسٹ ہوا ہے۔ جانچ میں کورونا کی علامات پائی گئی ہیں۔ انہیں میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیکل افسر ڈاکٹر بھودیو نے بتایا کہ مہنت نرتیہ گوپال داس کو ہلکا بخار اور کھانسی کی شکایت تھی۔ سانس لینے میں بھی تکلیف ہو رہی ہے۔ انہیں دوا دی گئی ہے اور اب بخار اتر گیا ہے۔ کھانسی میں بھی آرا م ہے۔
قبل ازیں، بابری مسجد کے مقام پر مندر تعمیر کے لئے تشکیل دیئے گئے رام جنم بھومی ٹرسٹ کے سربراہ نرتیہ گوپال کو سانس لینے میں تکلیف محسوس ہونے کے بعد ڈاکٹروں کو طلب کیا گیا اور انہیں آکسیجن کی سپورٹ پر رکھا گیا۔ نرتیہ گوپال متھرا میں موجود تھے اور آگرہ کے سی ایم او اور تمام ڈاکٹر ان کے علاج کے لئے پہنچے تھے۔