ڈاکٹر قاسم رسول الیاس کے خلاف ایف آئی آر فوراََ واپس لی جائے: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
حیدرآباد: 28/ جولائی (پریس ریلیز) حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جماعت اسلامی ہند کے معزز رکن ڈاکٹر قاسم رسول الیاس کے خلاف FIR درج کرنے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اظہار رائے کے بنیادی حق کو دبانے اور ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش ہے، مولانا رحمانی نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ملک جمہوریت سے آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔
جناب ڈاکٹر قاسم رسول الیاس صاحب ایک محب وطن اور ذمہ دار شہری ہیں، مختلف مذہبی طبقات سے اُن کے روابط ہیں، انہیں پورے ملک میں عزت واعتبار کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، عجیب بات ہے کہ اُن پر فساد کو بھڑکانے کا الزام لگایا جا رہا ہے، اور جو لوگ کھلے عام لوگوں کو فساد اور قتل وغارت گری پر اُکسا رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔
مولانا رحمانی نے مطالبہ کیا ہے کہ یہ FIR فوری طور پر رد کی جائے اور سیاسی مقاصد کے تحت جو گرفتاریاں کی گئی ہیں، ان کی رہائی عمل میں لائی جائے۔