طوفان ‘نسرگ’ ساحل سے ٹکرانے سے قبل ہی ممبئی میں زمین دھنسنے کے واقعات
تیز ہواؤں میں جنوبی ممبئی کے رہائشی بلڈنگ کی اڑ گئی چھت
جنوبی ممبئی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں نظر آ رہا ہے کہ ایک رہائشی بلڈنگ کے اوپر کی شیڈ والی چھت تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گئی۔ ممبئی میں کئی مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات بھی پیش آئے اور کچھ مقامات پر درخت جڑ کے ساتھ اکھڑ کر قریبی مکان یا پھر پاس میں کھڑی گاڑیوں کے اوپر گر گئے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی مہاراشٹر میں کئی جگہوں پر ہو رہی ہے۔ ساحلی علاقوں میں احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔
ممبئی: طوفان نسرگ کی آمد سے قبل لینڈ فال کے سبب بھگوان گنیش کا مندر غرقاب
میڈیا ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کے کچھ ساحلی علاقوں میں طوفان نسرگ کی دستک ہو چکی ہے اور اس سے قبل لینڈ فال کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ کئی مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آ رہی کچھ تصویروں کے مطابق ممبئی واقع کھار ڈانڈا میں موجود بھگوان گنیش کا مندر غرقاب ہو گیا ہے۔
طوفان ‘نسرگ’ کے مدنظر مہاراشٹر اور گجرات میں این ڈی آر ایف کی ٹیم الرٹ پر
مہاراشٹر اور گجرات میں طوفان نسرگ کے مدنظر احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اور گجرات میں این ڈی آر ایف کی 43 ٹیموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نسرگ کسی بھی وقت اپنی تباہی شروع کر سکتا ہے۔ مہاراشٹر میں لینڈ فال کا عمل شروع ہو گیا ہے اس کا یہ مطلب ہے کہ طوفان ساحل کے بالکل قریب ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع سے ایسی خبریں بھی مل رہی ہیں کہ علی باغ ساحل پر نسرگ نے دستک دے دی ہے۔