کورونا: انڈین ریلویزمشکل وقت میں مال گاڑیوں کے ذریعہ خاموشی کے ساتھ کررہا آپ کی خدمت!
انڈین ریلویز ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے اور دودھ، سبزی و خوردنی اشیاء پہنچانے کا کام مال گاڑیاں کر رہی ہیں۔
21 دنوں کے ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان انڈین ریلویز نے بھی ریل خدمات 14 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے، لیکن آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں یہ اپنا بھرپور کردار نبھا رہا ہے۔ دراصل انڈین ریلویز نے گاڑیوں کو چلانا مکمل طور پر بند نہیں کیا ہے بلکہ کورونا وائرس کی زنجیر کو ختم کرنے کے لیے صرف مسافر خدمات کو بند کیا ہے اور مال گاڑیوں کا چلنا ہنوز جاری ہے۔
معاملہ کچھ یوں ہے کہ دودھ، سبزیاں، خوردنی اشیاء وار دیگر ضروری چیزوں کی فراہمی کو لے کر پورے ہندوستان کے لوگ فکر مند ہیں اور ریاستی حکومتیں بار بار یہ کہہ رہی ہیں کہ انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسا اسی لیے کہا جا رہا ہے کہ ریلوے ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے اور دودھ، سبزی و خوردنی اشیاء پہنچانے کا کام مال گاڑیاں کر رہی ہیں۔
سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر سنجیو متل کے حوالے سے میڈیا میں یہ باتیں آ رہی ہیں کہ کہ انھوں نے ریل ملازمین کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ، سبزیاں، خوردنی اشیاء وغیرہ جیسی ضروری چیزوں کی فراہمی کے لیے ہمیں چوبیس گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے ملازمین سے کہا ہے کہ ہمیں اس مشکل وقت میں اہم کردار نبھانا ہوگا اور مال گاڑیوں کی تیز رفتاری یقینی بنانے میں تعاون کرنا ہوگا۔ سنجیو متل کے اس پیغام سے ظاہر ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ریلوے اپنا بھرپور تعاون دے رہا ہے۔