“مجھے آپ کے قانون پر بھروسہ نہیں ہے” کی چیخ کے ساتھ جج پر جوتا پھینکنے کا واقعہ
کولکتہ:5/فروری۔ داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات رکھنے کے الزامات کے مقدمہ کا سامنا کرنے والے ایک ملزم نے جج کے سامنے جوتا پھینک دیا۔ یہ واقعہ کولکتہ کے بینکشل کورٹ میں پیش آیا۔ مغربی بنگال کے ایک شخص ابو موسی پر الزام ہے کہ وہ داعش اور جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) جیسی دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات رکھتا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے عہدیداروں نے اسے تحویل میں لیتے ہوئے عدالت میں پیش کیا ۔
جج پرسنجیت بسواس اس کیس کی سماعت کررہے تھے کہ موسی نے اپنا جوتا جج کو نشانہ بناتے ہوئے پھینک دیا۔تاہم جوتا جج کو نہیں لگا ، لیکن ان کے قریب موجود این آئی اے کے وکیل تمل مکھرجی پر گر پڑا۔ کورٹ ہال میں موجود وکلا نے بتایا کہ موسی نے جوتا پھینکتے ہوئے اونچی آواز میں چیختے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کے قوانین پر بھروسہ نہیں ہے۔