شاہین باغ میں فائرنگ کرنے والا شخص پولس کے ساتھ بیریکیڈ کے اندرآیا تھا: آصف محمد خان
نئی دہلی: شاہین باغ میں فائرنگ واقعہ کے بعد اوکھلا کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان نے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے سیدھے طور پر دہلی پولس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی شاہین باغ میں آج ہوا ہے اس کے لیے ذمہ دار پولس ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’شاہین باغ مظاہرہ میں موجود لوگوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا شخص پولس اہلکاروں کے ساتھ ہی بیریکیڈ کے اندر آیا اور فائرنگ کے بعد جب لوگوں نے اس بدمعاش کو پکڑنے کی کوشش کی تب جا کر پولس نے اسے گرفتار کیا اور اپنی حفاظت میں لے کر اسے چلی گئی۔‘‘
فائرنگ کے بعد خواتین نے بنائی انسانی زنجیر، سکھ بھائیوں کا اظہار یکجہتی
شاہین باغ میں کپل گوجر نامی انتہا پسند کی فائرنگ کے باوجود خواتین ہمت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ تمام خواتین نے قطار میں کھڑے ہوکر انسانی زنجیر بنا لی ہے۔ اسی درمیان، سکھ برادری کے لوگ فائرنگ کے بعد شاہین باغ پہنچے ہیں اور انہوں نے مظاہرین کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔