دہلی: شاہین باغ کے مظاہرین کو ہٹانے کی تیاری، پولس نےکی مظاہرین سے بات چیت
دہلی کے شاہین باغ میں عورتوں کے مظاہرے نے پوری دنیا میں شہرت حاصل کر لی ہے۔ لیکن اب اس مظاہرے کو دہلی پولس ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں کوششیں شروع کر دی ہیں۔ پولس ذرائع کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پولس نے مظاہرین سے بات چیت کی ہے اور یہ بات چیت لگاتار جاری ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کو لے کر یہاں تقریباً ایک مہینے سے مظاہرہ جاری ہے اور اس کی وجہ سے کالندی کنج-سریتا وہار روڈ پوری طرح سے بند ہے۔
مذہب کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کر کے آپ نہیں بچیں گے: کونکنا سین شرما
مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کونکنا سین شرما نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف حملہ آور ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مذہب کی بنیاد پر ملک کو بانٹ کر آپ نہیں بچیں گے، آپ کو کاغذ نہیں دکھایا جائے گا۔‘‘ کونکنا سین شرما نے یہ بیان ایک ویڈیو میں دیا ہے اور اس ویڈیو میں مغربی بنگال فلم انڈسٹری سے جڑی کئی دیگر ہستیوں نے بھی پی ایم مودی کے ذریعہ شہریت ترمیمی قانون نافذ کیے جانے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اداکارہ سواستیکا مکھرجی ویڈیو میں کہتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ ’’ہمارے دل میں پیار کے ساتھ ساتھ انقلاب بھی ہے، ہم لوگ نہ ہی پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی کاغذ دکھائیں گے۔‘‘