نہتے طلباء پر پولیس کی بربریت کو چھڑپ نہ کہیں، جے این یو ایس یو کی اپیل
راشٹرپتی بھون تک مارچ کو پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج سے ناکام بنا دینے کے بعد جے این یو طلباء یونین نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان پر پولیس کی بربریت کو جھڑپ نہ کہا جائے۔
جے این یو ایس یو نے ٹوئٹ میں کہا، ’’ہم شکر گزار ہیں کہ میڈیا نے ہماری خبر کو نشر کیا لیکن ہماری اپیل ہے کہ جب تک طلباء جواب میں پولیس پر لاٹھی نہ چلائیں برائے مہربانی نہتے طلباء پر مسلح ریاستی حملہ کو جھڑپ کا نام نہ دیں۔‘‘
واضح رہے کہ کئی میڈیا اداروں نے مارچ کے حوالہ سے خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس اور طلباء کے درمیان جھڑپ ہو گئی ہے۔
پُر امن مارچ جاری رہے گا: جے این یو ایس یو
جے این یو تشدد کے خلاف دہلی میں احتجاج کر رہے طلباء کو پولیس کی طرف سے حراست میں لئے جانے کے بعد جے این یو ایس یو (جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء تنظیم) کی طرف سے احتجاج کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ جے این یو ایس یو کے ٹوئٹ ہینڈل سے لکھا گیا ہے، ’’پولیس کی بربریت راشٹرپرتی بھون کی طرف گامزن ہمارے پُرامن مارچ کو نہیں روک پائے گی۔ ہم پُر زور انداز میں وی سی ہٹاؤ کا مطالبہ اٹھاتے ہیں۔‘‘