امریکی صدر جوبائیڈن نے کی طالبان کی تعریف!
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ افغانستان میں جاری افواج کے انخلا آپریشن میں اب تیزی آرہی ہے۔ طالبان نے مجموعی طور پر معاہدے کی پاسداری کی ہے۔
واشنگٹن: معاہدے کی پاسداری کے لئے طالبان کی تعریف کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے معاملے پر افغان طالبان نے مجموعی طور پر معاہدے کی پاسداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کہہ چکے ہیں وہ قانونی حیثیت کے حصول کے خواہش مند ہیں، اب تک طالبان نے امریکی افواج کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ افغانستان میں جاری افواج کے انخلا آپریشن میں اب تیزی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انخلا کے معاملے پر طالبان نے مجموعی طور پر معاہدے کی پاسداری کی ہے، امید ہے افغانستان سے افواج کا انخلا 31 اگست تک مکمل ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے پریس کانفرنس کے دوران صحافی کی جانب سے کیے گئے ایک سوال پر جواب دیا کہ ضرورت پڑنے پر انخلا کی ڈیڈلائن میں ممکنہ توسیع پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے ہزاروں افراد کے انخلا میں پیشرفت ہو رہی ہے، 36 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 11ہزار افراد کو کابل سے بحفاظت باہر نکالا گیا ہے۔
جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح امریکی شہریوں کو جلد اور محفوظ طریقے سے نکالنا ہے، انخلا میں مدد کرنے پرعالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔