کیرالہ بی جے پی صدر سریندرن گرفتار
کیرالہ بی جے پی کے صدر کے. سریندرن ریاستی اسمبلی کے باہر وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے جب مقامی پولس نے انھیں گرفتار کر لیا۔
تری وننتا پورم : کیرالہ اسمبلی کے باہر وزیراعلیٰ پینا رائی وجین کے استعفی کی مانگ کے سلسلے میں ان کے خلاف احتجاج کررہے کیرالہ بی جے پی صدر کے. سریندرن کو پیر کے روز گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کے بعد کیرالہ بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے تک بی جے پی اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے ترویندرم بین الاقوامی ہوائی اڈے کی نجکاری معاملے پر اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے او. راج گوپال کو بولنے کی اجازت نہ دینے کے لئے حکومت کی سخت مذمت کی
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی او. راج گوپال نے یہ د ھرنا منعقد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کی سرکار منظم طریقہ سے بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہی ہے۔ بی جے پی رہنماؤں نے ساتھ ہی الزام لگایا کہ وزیر اعلی کا دفتر ملک دشمن سرگرمیوں اور سونے کی اسمگلنگ کے لئے ایک محفوظ زون بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ دفتر کے اعلی حکام کا سوپنا سریش کے ساتھ گٹھ جوڑ تھا جو سفارتی سامان کی سونے کی اسمگلنگ کا ایک اہم ملزم ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی بی جے پی صدر کے. سریندرن کے ساتھ ساتھ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری جارج کورین ، ریاستی سکریٹری سی شیو کٹی ، ایڈوکیٹ ایس سریش ، ضلعی صدر وی وی راجیش کو بھی پولس کے ذریعہ گرفتار کیا گیا ہے۔