نو جوانوں کو ہنرمند بنانے کا منصوبہ
نئی دہلی: 28 جون- ہنرمندی ترقیات اور صنعت کاری کے وزیرمملکت آر کے سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا ہے کہ اِسکل انڈیا مشن کے تحت ، ہنر مندی ترقیات اور صنعت کاری کی وزارت ( ایم ایس ڈی ای ) طویل المدت اور مختصر مدتی تربیتی پروگراموں کے ذریعے نو جوانوں کو روز گار کے حصول کے لائق ہنرمندی سے آراستہ کرتی ہے ۔
وزارت پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا ( پی ایم کے وی وائی ) نام کی فلیگ شپ اسکیم ، جو 2015 ء میں شروع کی گئی تھی ، کے نفاذ میں مصروف ہے تاکہ ملک کے نو جوانوں کو روزگار کے حصول کے لائق ہنرمندی سے آراستہ کیا جا سکے ۔
پی ایم کے وی وائی کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اِس اسکیم کو 2016 ء میں ماہ اکتوبر کے دوران از سر نو نافذ کیا گیا اور اس اسکیم کا نام پی ایم کے وی وائی 2.0 ( 20-2016 ء ) رکھا گیا اور یہ پورے ہندوستان کے لئے وضع کی گئی ، جس کے تحت مختصر مدتی تربیتی پروگرام (ایس ٹی ٹی ) ، ماقبل سیکھے گئے ہنر کو تسلیم کرنا ( آر پی ایل ) اور خصوصی پروجیکٹ ( ایس پی ) کے ذریعے ملک بھر کے ایک کروڑ افراد کو آئندہ چار برسوں ( 20-2016 ء ) کے دوران 12000 کروڑ روپئے کے منصوبہ جاتی اخراجات کے ذریعے روزگار فراہم کرنا تھا ۔