ٹاپ اسٹوری

مودی حلف برداری تقریب: صدر جمہوریہ نے 8 ہزار مہمانوں کےعشائیہ کا کیاانتظام، کھانے میں مرغ اور مچھلی بھی شامل

زبردست انتخابی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی آج اپنی کابینہ کے ساتھ حلف لیں گے اور یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ ان کی کوئی بھی تقریب کبھی بھی کسی بڑے مارکیٹنگ ایونٹ سے کم نہیں ہوتی۔ آج کی حلف برداری کی تقریب میں آٹھ ہزار مہمان مدعو ہیں جن میں بیرون ممالک کےسربراہ سمیت کئی اور مہمان بھی شامل ہیں۔ ان مہمانوں میں ’بمسٹیک‘ گروپ ممالک کے سربراہ، تمام ممالک کے سفیر، تمام وزراء اعلی، مختلف شعبوں کی معروف شخصیات اور 100 سے زیادہ این آر آئی شامل ہیں۔ جو وزراء اعلی اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے ان میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کے نام ہیں۔ممتا بنرجی بطور احتجاج شامل نہیں ہوں گی جبکہ نوین پٹانئک اس لئے شامل نہیں ہوں گے کیونکہ ان کے ارکان اسمبلی کی آج حلف برداری کی تقریب ہے۔

واضح رہے کہ اس مرتبہ 2014 کے مقابلہ میں تین ہزار مہمان زیادہ ہیں۔ سال 2014 میں پانچ ہزار مہمان شریک ہوئے تھے جبکہ اس مرتبہ آٹھ ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں آنے والے مہمانوں کے لئے پہلے ہائی ٹی پیش کی جائے گی اور بعد میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عشائیہ میں ویج اور نان ویج دونوں طرح کے کھانے تیار کئے گئے ہیں جس میں مچھلی اور مرغ کے کئی طرح کے کھانے تیار کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی صرف سبزیاں ہی کھاتے ہیں اور بی جے پی نان ویج کی ہمیشہ سے مخالف رہی ہے لیکن یہ عالمی تقاضے ہیں جو ہر حکومت کو پورے کرنے پڑتے ہیں اور بی جے پی کو بھی پورے کرنے پڑ رہے ہیں۔ مہمانوں میں بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید، سری لنکا کے صدر میتری پالا سری سینا، میانمار کے صدر یو ون منٹ، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما، بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے تشرنگ، کرغستان کے صدر سرونبے زنبےکوو،ماریشس کے وزیر اعظم پرویندر کمار جگن ناتھ وغیرہ شامل ہوں گے۔

کھیل کی دنیا سے راہل دراوڑ، انل کمبلے، جواگل شریناتھ، ہربھجن سنگھ، سائنا نہوال، گوپی چند، دیپا کرماکر وغیرہ شامل ہوں گے جبکہ بالی وُڈ سے شاہ رخ خان، کرن جوہر، کنگنا رانوت، رجنی کانت، کمل ہاسن، سنجے بھنسالی، وویک اوبرائے وغیرہ شامل ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!