حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کاانتقال
سری نگر: یکم/ستمبر۔ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے اپنے گھر پر نظر بند تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کا انتقال بدھ کے روز سرینگر میں ہوا۔ ان کا انتقال نظر بندی کے دوران رات 10 بجے ہوا۔
حریت رہنما عبدالحمید لون نے سید علی گیلانی کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں سید علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک کشمیری صحافی کے مطابق سید علی گیلانی کے انتقال کی خبر ملتے ہی وادی میں فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگیا ہے اور ممکنہ طور پر کرفیو کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ سید علی گیلانی کی خواہش تھی کہ انہیں سرینگر کے شہدا قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے تاہم کشمیری صحافی کے مطابق ان کی ان کے رہائش گاہ حیدر پورہ کے قریبی قبرستان میں تدفین کی جاسکتی ہے۔