الیکشن2019تازہ خبریںقومی

مودی کی چوکیداری میں ملک کو لوٹنے والے ملک سے ہوئے فرار: راہول

مالدہ: کانگریس صدر راہل گاندھی نے مالدہ ضلع کے چنچل سے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے پی ایم مودی کے تعلق سے کہا کہ ’’مودی مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور خود کو چوکیدار ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ ان کی چوکیداری میں نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس ملک کو متحد رکھنے کی کوشش کررہی ہے اور یقیناً اس میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’لوک سبھا انتخاب میں لڑائی دو نظریات کے درمیان ہے۔ ایک نظریہ کانگریس کا ہے اور دوسرا نظریہ بی جے پی و آر ایس ایس کا ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے مالدہ سے مغربی بنگال میں اپنی پارٹی کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مودی ایک ایسے چوکیداری ہیں جن کے چوکیداری میں ملک کو لوٹنے والے فرار ہو گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی جی نے اپنے دوست انل امبانی کو 30,000 کروڑ روپے تحفہ میں دیا ہے۔ یہ روپے عوام کے تھے۔

اس موقع پر راہل گاندھی نے ممتابنرجی کی بھی تنقید کی اور کہا کہ دونوں کے کام کرنے کا طریقہ یکساں ہے۔ دونوں حکومتیں عوام کی خواہشات کو نظر انداز کر کے کام کر رہی ہیں۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ممتا بنرجی اور مودی دونوں نے ہی عوام سے جھوٹے وعدے کیے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 2016 کے بعد راہل گاندھی کی مغربی بنگال میں یہ پہلی عوامی ریلی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بنگال میں وہی صورت حال ہے جو بایاں محاذ کے دور اقتدار میں ہوتا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ”بنگال کوصرف ممتابنرجی چلا رہی ہیں۔ وہ کسی سے بھی رابطہ نہیں کرتی ہیں، وہ جو چاہتی ہیں کرتی ہیں۔ بنگال میں آواز بلند کرنے والوں کو اس کے انجا م تک پہنچا دیا جاتا ہے۔‘‘ ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں کانگریسی ورکروں پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بنگال میں اپوزیشن جماعتوں کے ورکروں کو آزادی سے کام نہیں کرنے دیا جاتا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ مالدہ اور مرشدآباد کانگریس کا روایتی گڑھ ہے، مگر شمالی مالدہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ موسم بے نظیر نور کے پارٹی چھوڑ دینے سے کانگریس کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ موسم نور نے کانگریس کے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔ مگر یہاں کے عوام نے ہمیشہ سے کانگریس کو ووٹ دیا ہے۔ کانگریس کو دھوکہ دینے والوں کو عوام نے کبھی بھی معاف نہیں کیا ہے۔ اس سے قبل بھی کانگریس کو دھوکہ دینے والوں کو یہاں سے عوام نے ہرایا ہے اور اس مرتبہ بھی ایسا ہونے والا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ موسم نور پر دباؤ بنا کر اور انھیں خوف زدہ کر کے ترنمول کانگریس میں شامل کیا گیا ہے۔ مگر مالدہ کی سرزمین ہمیشہ سے غنی خان اور کانگریس کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!